ٹرینوں کی پرائیوٹائزیشن کیخلاف 12 اگست کو احتجاج کااعلان
پہلا مظاہرہ واشنگ لائن میں کیاجائیگا:صدر پریم یونین شیخ انور ودیگر عہدیداران
لاہور(اپنے کامرس رپورٹر سے )ٹرینپرائیوٹائزیشن پالیسی اور ملازمین کو سرپلس کرنے کے خلاف ریلوے پریم یونین نے احتجاج کا اعلان کردیا۔ ریلوے پریم یونین نے ٹرینوں کو نجی شعبہ کے حوالے کرنے اور ملازمین کو سرپلس کرنے کے خلاف 12 اگست سے احتجاج شروع کرنے کا اعلان کردیا۔ فیصلہ پریم یونین لاہور ڈویژن کے اجلاس میں کیا گیا، اجلاس میں مرکزی صدر پریم یونین شیخ محمد انور، صدر لاہور فیاض احمد شہزاد نے شرکت کی، اجلاس میں ریلوے میں ٹرین پرائیویٹائزیشن پالیسی کی شدید مذمت کی گئی ۔ پریم یونین نے ٹرینوں کی پرائیوٹائزیشن کے خلاف احتجاجی تحریک شروع کرنے کا فیصلہ کیا، مرکزی صدر شیخ محمد انور کا کہنا تھا کہ ریلوے حکام کی جانب سے بلیک لسٹ اور نا دہندہ کمپنیوں میں ٹرینیں بانٹی جارہی ہیں،ٹرینوں کی پرائیویٹائزیشن کے خلاف 12 اگست کو لاہور واشنگ لائن میں احتجاجی مظاہرہ کریں گے ۔ ریلوے کے خلاف اس سازش کا پردہ چاک کیا جائے گا ۔صدر لاہور فیاض احمد شہزاد کا کہنا تھا کہ پورے ملک میں ریل بچاؤ مہم شروع کردی گئی ہے ۔