ریلوے سٹیشن،ٹرینوں میں کورونا ایس اوپیز کی دھجیاں

ریلوے سٹیشن،ٹرینوں میں کورونا ایس اوپیز کی دھجیاں

ریسٹورنٹس اور سٹالز کا عملہ اور مسافر ماسک کے بغیر ، انتظامیہ ایس او پیز پر من و عن عملدرآمد نہ کراسکی ، ٹرینیں لیٹ ہونے سے مسافروں کا رش بڑھنا معمول سٹیشن پر سینی ٹائزر کا انتظام کیاگیا نہ ہی مسافروں کو ماسک فراہمی ، یکم جنوری سے مرحلہ وار ٹرین میں سفر کیلئے ویکسین کو لازمی قرار دیا جارہا ہے :حکام

لاہور(رانا فہدامین سے ،تصاویر امجد علی) کورونا کی چوتھی لہر کے خدشات بڑھنے کے باوجود ریلوے انتظامیہ کو ہوش نہ آیا، انتظامیہ کی جانب سے لاہور ریلوے سٹیشن اور ٹرینوں میں ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کرانے کے اعلانات تو کئے جارہے مگر عملی طور پر ریلوے سٹیشن اور ٹرینوں میں ایس او پیز کی دھجیاں اڑائی جارہی ہیں، ریلوے سٹیشن پر زیادہ تر مسافر ماسک کے استعمال اور سماجی فاصلے کے قانون کو مکمل طور پر نظر انداز کررہے ہیں جبکہ ریلوے کا اپنا عملہ بھی ماسک کی پابندی پر عمل جزوی طور پر ہی کررہا ہے ، ریلوے سٹیشن پر ریسٹورنٹس اور سٹالز کا عملہ اور مسافر بغیر ماسک کے دکھائی دیتا ہے ، ریلوے انتظامیہ متعدد دعوؤں کے باوجود ایس او پیز پر من و عن عملدرآمد نہیں کراسکی ، ٹرینوں میں بھی مسافر غیر سنجیدگی کا مظاہرہ کررہے ہیں، سٹیشن پر کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی جاری ہے ،ریلوے سٹیشن پر مسافر، ریلوے عملہ ،سٹالز اور ریسٹورنٹس کا عملہ ایس او پیز کی کھلم کھلا خلاف ورزی کررہا ہے ،این سی او سی کی ہدایات کے باوجود ریلوے انتظامیہ کی جانب سے ریلوے سٹیشن پر سینی ٹائزر کا انتظام کیا گیا نہ ہی مسافروں کو ماسک فراہم کئے جارہے ہیں۔ٹرینیں لیٹ ہونے کی وجہ سے مسافروں کا رش بھی بڑھ جاتا ہے جس سے سماجی فاصلے کے قانون پر عملدرآمد ہونا ناممکن ہوجاتا ہے ، دوسری جانب ترجمان ریلوے کا کہنا ہے کہ ریلوے حکام کی جانب سے ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کرنیکی ہدایت کی گئی ہے ۔ ریلوے کے تمام مسافروں اور ملازمین کو ویکسی نیشن مکمل کرانے کی ہدایت کی گئی ہے ، یکم ستمبر تک ویکسین نہ کرانے والے ملازمین کی تنخواہ بھی روکی جائیگی اور یکم جنوری سے مرحلہ وار ٹرین میں سفر کیلئے ویکسین کو لازمی قرار دیا جارہا ہے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں