مٹی کے برتنوں کے استعمال میں پھر اضافہ ہونے لگا
خریدارمسلسل بڑھ رہے ہیں،مٹی کے برتن کی افادیت سمجھنے لگے :دکانداردھاتی برتنوں میں کھانا پکانے سے متعدد وٹامنز ضائع ہوجاتے ہیں :حکیم عثمان
لاہور(سہیل احمد قیصر، تصاویر: ذوالفقار شاہ) مٹی کے برتن استعمال کرنے کی دم توڑتی ہوئی روایت پھر مضبوط ہونے لگی ،فروخت میں اضافے کے باعث شہر میں ان کی دکانوں کی تعداد بھی بڑھنے لگی تفصیل کے مطابق مٹی کے برتنوں کا استعمال زمانہ قدیم سے چلا آرہا ہے لیکن ماضی کی نسبت اب ان کا استعمال نہ ہونے کے برابر رہ گیا تھا ۔مٹی کے برتنوں میں بنے ہوئے کھانے اور پانی پینے کو صحت کیلئے بہت مفید قرار دیا جاتا ہے ۔اب اِس حوالے سے یہ تبدیلی دیکھنے میں آرہی ہے کہ انکے استعمال میں ایک مرتبہ پھر بتدریج اضافہ ہورہا ہے ۔بھاٹی گیٹ کے دوکوزہ گروں عرفان اقبال اور سیف اللہ نے روزنامہ دنیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا مٹی کے برتنوں کی فروخت میں واضح طور پر اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے ،خریداروں کی تعداد مسلسل بڑھ رہی ہے ،اب لوگ ایک مرتبہ پھر یہ سمجھنا شروع ہوگئے ہیں کہ مٹی کے برتنوں کا استعمال صحت کیلئے کتنا فائدہ مند ہے ۔حکیم عثمان چشتی نے بتایا عمومی طور پر ایلو مینیم یا سٹیل کے برتنوں میں بنے ہوئے کھانے سے متعدد وٹامنز ضائع ہوجاتے ہیں لیکن مٹی کے برتنوں میں بنا ہوا کھانا اِنہیں محفوظ رکھتا ہے ۔