نیا پاکستان اپارٹمنٹس منصوبہ 7 ماہ بعد بھی ادھورا

نیا پاکستان اپارٹمنٹس منصوبہ 7 ماہ بعد بھی ادھورا

60کروڑ کے منظور شدہ فنڈز میں سے صرف 17 کروڑ روپے جاری،دوسرے فیز کیلئے ایک روپیہ بھی جاری نہ ہوا,فنڈز کااجرا نہ ہونے سے منصوبہ التوا کاشکار، وزیر اعلیٰ کے میٹنگ منٹس کے بعد فنڈز جاری کر دینگے :چیف انجینئر

لاہور (شیخ زین العابدین)ایل ڈی اے سٹی نیا پاکستان اپارٹمنٹس منصوبہ سات ماہ بعد بھی ادھورا ہے ، 60 کروڑ روپے کے منظور شدہ فنڈز میں سے 17 کروڑ روپے جاری ہوسکے ۔تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے مارچ 2021 میں ہلوکی میں نیا پاکستان اپارٹمنٹس کا سنگ بنیاد رکھا،ایل ڈی اے سٹی نیا پاکستان اپارٹمنٹس منصوبہ کے تحت 4 ہزار اپارٹمنٹس کی تعمیر کی جانی تھی، سنگ بنیاد رکھنے کے 7ماہ بعد بھی اپارٹمنٹس کی تعمیر میں کوئی پیشرفت نہ ہوسکی، ایل ڈی اے نے کنٹریکٹر کو پہلے فیز میں 30 کروڑ میں سے 17 کروڑ روپے جاری کیے ، باقی ماندہ 13 کروڑ روپے مقررہ مدت میں جاری ہی نہیں کیے گئے ، دوسرے فیز میں بھی اپارٹمنٹس کی تعمیر کے لیے 30 کروڑ روپے جاری ہونے تھے ، ایل ڈی اے تاحال اپارٹمنٹس کی تعمیر کے لیے دوسرے فیز میں ایک روپیہ بھی جاری نہ کرسکا، فنڈز کا اجرا نہ ہونے سے منصوبہ مسلسل التوا کا شکار ہے ۔چیف انجینئر ایل ڈی اے مظہر حسین خان کا کہنا ہے کہ فنڈز کی فراہمی کے لئے برج فنانسنگ کے تحت گورننگ باڈی نے منظوری دے دی ہے ، وزیر اعلیٰ پنجاب کی جانب سے میٹنگ منٹس جاری ہونے کے بعد فنڈز جاری کر دیں گے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں