میٹرو بس، ٹرین کے 1800ملازم تنخواہوں سے محروم

میٹرو بس، ٹرین کے 1800ملازم تنخواہوں سے محروم

فنڈز کے اجراکے بعد ملازمین کو تنخواہ ادا کر دی جائیگی:جی ایم آپریشن عزیرشاہ

لاہور (سٹاف رپورٹر سے ) میٹرو بس اور اورنج ٹرین پر کام کرنے والے 1800 ملازم تنخواہوں سے محروم ہیں ، میٹرو بس پر کام کرنے والے ملازموں کا استحصال جاری ہے ، میٹرو بس کے سٹیشنز پر کام کرنے والے سکیورٹی سٹاف اور ٹکٹنگ سٹاف کو تنخواہ نہ دی گئیں، سکیورٹی کمپنی کے میٹرو بس پر کام کرنے والے 7 سو اور اورنج ٹرین پر کام کرنے والے نو سو ملازم دو ماہ سے تنخواہوں سے محروم ہیں۔ سکیورٹی کمپنی کے ملازمین کو جولائی کے بعد تنخواہ نہ ملی ،ستم ظریفی کا یہ عالم ہے کہ تنخواہ کا تقاضا کرنے پر ملازمین کو نوکری سے نکالنے کی دھمکی دی جارہی ہے ، تنخواہوں کی عدم ادائیگی پر ملازمین احتجاج بھی کر چکے ہیں مگر حکومت کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگی۔ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کی جانب سے 17 کروڑ روپے کی ادائیگی نہ ہونے سے تنخواہوں میں تاخیر ہوئی،جی ایم آپریشنز ماس ٹرانزٹ اتھارٹی عزیر شاہ کا کہنا ہے کہ حکومت کی طرف سے فنڈز کا اجرا نہیں ہوسکا، آئندہ کچھ روز میں حکومت کی طرف سے پیسے جاری ہونے کا امکان ہے ۔ فنڈز کے اجراکے بعد ملازمین کو تنخواہ ادا کر دی جائیگی۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں