پٹرولیم نرخ بڑھنے سے تمام اشیا کی قیمتیں بے قابو

پٹرولیم نرخ بڑھنے سے تمام اشیا کی قیمتیں بے قابو

ایک ہی روز 13سبزیاں مہنگی ، پھلوں کی قیمتیں بھی بڑھ گئیں ، چکن 7روپے بڑھنے سے قیمت 291 روپے کلو ہوگئی ، ترقیاتی منصوبوں کی لاگت بھی بڑھ گئی ترقیاتی کاموں کی لاگت میں 22 کروڑ کا اضافہ ، گرانفروشی کوکنٹرول کیا جائیگا:ترجمان ضلعی انتظامیہ ،ٹھیکیداروں نے مزید فنڈز مانگ لئے :چیف انجینئر

لاہور(سہیل احمد قیصر، شیخ زین العابدین) پٹرول کے نرخوں میں اضافے کے بعد دیگر اشیائے صرف کی قیمتیں بھی بے لگام ہونے لگیں۔عوام کی پریشانیوں میں مزید اضافہ ہوگیا۔ترقیاتی منصوبوں کی لاگت بھی بڑھ گئی ۔ تفصیلات کے مطابق پٹرول کے نرخوں میں اضافے کے فوراً بعد ہی سبزیوں، پھلوں اور دیگر اشیائے صرف کی قیمتیں بھی بے لگام ہونے لگی ہیں ۔ صرف ایک روز میں ہی لاہور میں13 سبزیوں کے نرخوں میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے ، پھل بھی انتظامیہ کے مقرر کردہ نرخوں سے زائد پر فروخت ہونے لگے ہیں۔چکن کے نرخ 7 روپے اضافے کے بعد 291روپے کلو تک جاپہنچے ۔دوسری طرف ضلعی انتظامیہ کے حکام کا کہنا ہے کہ گرانفروشی کوہرصورت میں کنٹرول کیا جائیگا۔دریں اثنا پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے نے کنسٹرکشن انڈسٹری کو متاثر کر دیا، 5 روپے پٹرول کا ریٹ بڑھنے سے ترقیاتی کاموں کی لاگت میں 2.5 فیصد اضافہ ہوگیا۔ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے مطابق اب ایل ڈی اے ، کنٹریکٹرز کو ایکسٹر ایکسیلشن ادا کریگا، شہر میں جاری ترقیاتی کاموں کی لاگت میں 22 کروڑ روپے کا اضافہ ہوگیا ہے ، شہر میں جاری میگا پراجیکٹس کی لاگت میں ہوشر اضافہ ہو گیا، ایل ڈی اے ، ٹیپا و دیگر اداروں کے کنٹریکٹرز نے مزید پیسے مانگ لیے ۔ شیرانوالہ فلائی اوور، شاہکام فلائی اوور اور گلاب دیوی انڈر پاس کی قیمتوں میں اضافہ ہوا۔چیف انجینئر ایل ڈی اے مظہر حسین خان کا کہنا ہے کہ مختلف کنٹریکٹرز کی جانب سے کنٹریکٹرز میں ایکسلیشن کی درخواستیں موصول ہوئی ہیں، ان درخواستوں کو جانچنے کے بعد مزید فنڈز دینے کا فیصلہ کیا جائے گا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں