ویکسی نیشن نہ کرانے والے واسا ملازمین کی تنخواہ بند
280 ملازمین کی ویکسی نیشن نہ ہو سکی،2 ہزار کو ایک ڈوز لگ چکی ہے
لاہور (سٹاف رپورٹر سے )واسا کے 280 افسروں و ملازمین کی جانب سے کورونا ویکسی نیشن نہ کرانے کا انکشاف ہوا ہے ،انتظامیہ نے ان کی تنخواہیں روک لیں،2 ہزار افسروں و ملازمین نے ایک ڈوز لگوائی،35 ہزار نے دو ڈوز مکمل لگوالی ہیں۔روزنامہ دنیا کو موصول فہرست کے مطابق واسا کے سب انجینئر عمر فاروق، خالد حسین، اسد امیر، وقار یاسین ،یاسر نواز، محمد اویس، محمد ذیشان، محمد ندیم، وقار احمد نے بھی ویکسی نیشن نہیں کرائی۔اسی طرح جونیئر کلرکوں ، سینی ٹیشن ورکرز، ڈرائیورز، بیلدار، اے ایف آئی، پائپ فٹرز، اکاؤنٹ اسسٹنٹس، جونیئر پمپ آپریٹرز نے بھی ویکسی نیشن نہیں کرائی۔ویکسی نیشن نہ کرانے والے افسروں و ملازمین کی تنخواہیں روک لی گئیں۔ ڈائریکٹر ایڈمن واسا محمد عرفان نے ڈائریکٹر فنانس کو مراسلہ لکھ دیا۔