آڈٹ افسروںنے 25ارب کی نئی ترقیاتی سکیمیں روک دیں
ایڈمنسٹریٹرز ترقیاتی سکیموں کی منظوری اور فنڈز جاری نہ کرنے کے پابند ، پابندی ختم ہوتے ہی ترقیاتی کام بحال :سیکرٹری بلدیات
لاہور (عمران اکبر)صوبے کی 359لوکل گورنمنٹس کی ترقیاتی سکیموں کو جاری کرنے سے آڈٹ افسروں نے انکار کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق صوبہ بھر کی 359لوکل گورنمنٹس کی 25ارب کی نئی ترقیاتی سکیموں کو آڈٹ افسروں نے جاری کرنے سے انکار کر دیا ۔ لاہور کی تین ارب کی 4سو ترقیاتی سکیموں کو بھی ڈائریکٹر آڈٹ نے جاری کرنے سے روک دیا، تاحال ایک ارب 55 کروڑ کے فنڈز صوبائی ممبران اسمبلی اور ٹکٹ ہولڈرز کے حلقوں کے فنڈز روک دیئے گئے ۔ایک ارب کی جاری ترقیاتی سکیمیں ریلیز نہ ہو سکیں جبکہ45کروڑ سٹریٹ لائٹس کی مد میں روک دیئے گئے ۔ سڑکوں کیلئے 45 کروڑ جاری نہ ہو سکے ۔جاری ترقیاتی سکیموں کی مد میں 1ارب روپے ریلیز کرنے سے انکار کر دیا گیا،30جولائی کو ہائیکورٹ کے حکم پر محکمہ بلدیات نے ترقیاتی فنڈز ریلیز کرنے پر پابندی لگائی،بلدیاتی اداروں کے ایڈمنسٹریٹر روزمرہ کے صرف سرکاری امور نمٹانے کے پابند ہوں گے ،ایڈمنسٹریٹرز ترقیاتی سکیموں کی منظوری اور فنڈز جاری نہیں کر سکیں گے ۔سیکرٹری بلدیات کا کہنا ہے کہ لوکل گورنمنٹس کے ترقیاتی فنڈز پرہائیکورٹ کی طرف سے پابندی ہے ،جیسے پابندی ختم ہو گی ،ترقیاتی کام بحال ہو جائینگے ۔