اسلام قبولیت کیلئے عمر کی پابندی نہیں :جمعیت اہل حدیث

اسلام قبولیت کیلئے عمر کی پابندی نہیں :جمعیت اہل حدیث

اسلام میں مذہب کی جبری تبدیلی کی کوئی گنجائش نہیں ہے :عبدالغفور راشد

لاہور (سیاسی نمائندہ) نائب امیر مرکزی جمعیت اہل حدیث ڈاکٹر عبدالغفور راشد نے کہا ہے کہ اسلام میں مذہب کی جبری تبدیلی کی کوئی گنجائش نہیں ہے ۔ اسلام قبول کرنے کے لیے عمر کی کوئی پابندی قبول نہیں ہے ۔ حکومت اسلامی تعلیمات کی روح کے خلاف کسی قسم کی قانون سازی سے باز رہے ، عوام شدید ردعمل کا اظہار کریں گے ،جسے سنبھالنا حکومت کے بس کی بات نہیں ہوگی۔ کارکنوں سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک جمہوری ملک ہے ، جہاں عوام کے جمہوری حقوق کا تحفظ ہونا چاہیے ۔مذہب کی جبری تبدیلی کی حوصلہ افزائی نہیں کی جاسکتی اوراگر کہیں ایسے واقعات رپورٹ ہوئے ہیں تو اس حوالے سے حکومت اور ریاست اپنی ذمہ داری پوری کرے ، ہم ایسے غیر اسلامی فعل کی حمایت نہیں کریں گے ۔ انہوں نے اقلیتی لڑکیوں سے شادی کی آڑ میں مذہب کی تبدیلی کے الزام کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ پوری دنیا میں آزادی کی لہر ہے ۔سوشل میڈیا نے انسانوں کے درمیان روابط کو آسان کر دیا ہے ۔ اس حوالے سے پاکستان میں اگر غیر مسلم لڑکیاں اسلامی تعلیمات سے متاثر ہوکر اسلام قبول کرتی ہیں تو اس پر کسی قسم کا ابہام نہیں ہونا چاہیے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں