آٹا مزید مہنگا ,سستے بازاروں میں لمبی قطاریں
سستے بازار میں 10 کلو آٹے کاتھیلا 430 روپے میں فروخت، مارکیٹ 620 روپے کادستیاب، حبس زدہ موسم میں 10کلو آٹے کیلئے مرد و خواتین خوار ,گندم کی اپریل میں نئی فصل آنے کے بعد آٹے کی قیمت 43 روپے کلو سے بڑھتی ہوئی 62 روپے فی کلو ہو گئی ،آٹے کا تھیلا فراہمی کیلئے شناختی کارڈ لازمی شرط
لاہور( زاہدعابد )سرکاری قیمت نہ ہونے سے عام مارکیٹ میں آٹا بلند ترین قیمت پر فروخت ہورہا ہے تو مہنگائی سے بچنے کی کوشش کرتے عوام سستے بازاروں کی لمبی قطاروں میں خوار ہونے لگے ،رمضان بازاروں جیسی لمبی قطاریں سستے ماڈل بازار میں دوبارہ لگ گئیں ۔عام مارکیٹ میں آٹا کی قیمت آؤٹ آف کنٹرول ہوئی تو سستے بازاروں میں رش بڑھنے لگا ہے ۔حبس زدہ موسم میں 10 کلو آٹے کے لئے مرد و خواتین خوار ہوتے رہے ،چائنہ سکیم سستے بازار میں عوام کی بڑی تعداد آٹے کے حصول کے لئے کوشاں نظر آئی ۔سستے بازار میں 10 کلو آٹے کاتھیلا430 روپے میں دیا جا رہا ۔آٹے کا تھیلا فراہمی شناختی کارڈ سے مشروط اور ایک شخص ایک تھیلہ خرید سکتا ہے ۔گزشتہ چند ہفتوں سے عام مارکیٹ میں آٹے کے نرخ مسلسل بڑھ رہے ہیں ، مارکیٹ میں 10 کلو آٹا 620 روپے کا ہو چکا ہے اور عام مارکیٹ کے مقابلے 19 روپے کلو سستے آٹے کے حصول کے لئے عوام مشکلات کا شکار ہو رہے ہیں اور مہنگا ئی سے بچنے کے لئے عوام سستے بازاروں کا رخ کرنے پر مجبور ہیں۔ گندم کی اپریل میں نئی فصل آنے کے بعد آٹے کی قیمت 43 روپے کلو سے بڑھتی ہوئی 62 روپے فی کلو ہو چکی ہے جبکہ حکومت کی جانب سے فلور ملز کو سرکاری کوٹے سے گندم کا اجرا نہ ہونے سے فلور ملز مالکان آٹا من مانی قیمت پر فروخت کررہے ہیں اور اس وقت مارکیٹ کے لئے آٹے کی کوئی سرکاری قیمت نہیں ہے ۔