داتا گنج بخشؒ عرس تیاریاں ،چیئرمین دربارکمیٹی غائب

داتا گنج بخشؒ عرس تیاریاں ،چیئرمین دربارکمیٹی غائب

ہوسکتا ہے ، نذیر چوہان مصروفیات کے باعث شامل نہ ہوئے ہوں :وزیر اوقاف

لاہور (راحیل سید )حضرت داتا گنج بخش ؒکے سالانہ تین روزہ عرس کی تیاری میں دربار کی مذہبی کمیٹی کے چیئرمین نذیر چوہان منظر عام سے غائب ہیں ۔حضرت داتا گنج بخشؒ عرس کی تیاریوں سے قبل بھی کمیٹی کاکوئی اجلاس نہیں ہوا اور نہ ہی کمیٹی کے ممبران نے کسی میٹنگ میں شرکت کی ۔پچھلے سال رکن پنجاب اسمبلی اور کمیٹی مذہبی امور کے چیئرمین نذیر چوہان نے عرس کے انتظامات کے حوالے سے نہ صرف اجلاس منعقد کیے تھے بلکہ عرس کی تقریبات میں بھی پیش پیش تھے ، تاہم اس سال گرفتاری کے بعد سے وہ منظر سے غائب ہیں اور دربار کے تمام معاملات سے لاتعلق نظر آتے ہیں۔اس ضمن میں صوبائی وزیر اوقاف پیر سید سعید الحسن سے جب ان کے متعلق پوچھا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ عقیدت کے ساتھ ہی عرس کی تقریبات کی جاتی ہیں ،ہوسکتا ہے کہ نذیر چوہان مصروفیت کی وجہ سے شامل نہ ہوئے ہوں ۔دریں اثنا صوبائی وزیر اوقاف کا کہنا ہے کہ حضرت داتا گنج بخش ؒکے عرس پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے جائیں گے ۔کورونا ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے گا۔ وہ گزشتہ روز پریس کلب میں میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں