پن بجلی کے 10 کارخانوں پر کام کا آغاز نہ ہو سکا

پن بجلی کے 10 کارخانوں پر کام کا آغاز نہ ہو سکا

چیانوالی اور ڈیگ آؤٹ فال پاور پراجیکٹس دسمبر تک مکمل کرنے کا فیصلہ2 منصوبے زیر تعمیر،2مکمل ، دیگر نہروں پر بھی جلد کام شروع ہوگا:ترجمان

لاہور(رانا فہدامین سے ) محکمہ توانائی کی جانب سے پنجاب میں بڑی نہروں پر لگائے جانیوالے 10 ہائیڈل پاور پراجیکٹس تاحال شروع نہیں کئے جاسکے ، محکمہ نے 33 سائٹس منتخب کر رکھی ہیں ،تمام سائٹس کے سروے مکمل کرنے کے بعد رپورٹ مرتب کرلی گئی تھی۔ پہلے مرحلے میں برالہ برانچ نہر فیصل آباد پر 2، لوئر گوگیرہ نہر 2، لوئر جہلم نہر منڈی بہاؤالدین ،ناردرن برانچ نہرمنڈی بہاؤ الدین، بی آر بی لنک ننکانہ ، لوئر باری دوآب ساہیوال ،احمد پور برانچ نہر بہاولپور اور تھل مین لائن کینال بھکر پر پاور پلانٹ لگانے کا منصوبہ بنایا گیا۔ ادھر محکمہ توانائی نے 2 پراجیکٹس کو رواں سال دسمبر میں مکمل کرنے کا فیصلہ کر لیا، چیانوالی گوجرانوالہ اور ڈیگ آؤٹ فال شیخوپورہ پاور پراجیکٹس اپر چناب نہر پر زیر تعمیر ہیں جن کا زیادہ تر کام مکمل ہو چکا ہے ۔ رواں سال ہی پاکپتن میں 3 اور مرالہ کے مقام پر 8 میگاواٹ ہائیڈل پاور پراجیکٹس مکمل کئے گئے۔ ترجمان محکمہ توانائی کا کہنا ہے سستی پن بجلی کی پیداوار کیلئے تیزی سے کام کیا جارہا ہے، 2 بڑے منصوبے مکمل ہوچکے ،2اسی سال مکمل ہونگے جبکہ دیگر نہروں پر بھی منصوبے جلد شروع کئے جارہے ہیں ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں