سموگ سرپر،ادارے آلودگی پر قابوپانے میں غیر سنجیدہ
گزشتہ حکومت کی نسبت 20 گنا زیادہ پودے لگے :چیئرمین پی ایچ اے
لاہور (شیخ زین العابدین)فضا کو آلودہ ہونے سے بچانے کے لیے 20لاکھ درخت لگانے کی بجائے ساڑھے چھ لاکھ پودے لگائے جاسکے ، پی ایچ اے کو تاحال جنگل لگانے کے لئے فنڈز نہ مل سکے ،سکیورٹی نہ ہونے کی وجہ سے میواکی جنگلوں میں مشکوک سرگرمیاں جاری ہیں اور نشئیوں نے ڈیرے بھی ڈال رکھے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق سموگ کے تدارک اور ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے میں سرکاری اداروں کا غیر سنجیدہ رویہ سامنے آگیا، گزشتہ برس سموگ کے سیزن میں کیے گئے وعدوں پر عمل نہ ہوسکا، پی ایچ اے اور ایل ڈی اے کلین اینڈ گرین پاکستان مہم کو کامیاب نہ بنا سکا، درخت لگانے کا مطلوبہ ہدف پورا نہ ہونے سے امسال سموگ میں اضافہ ہونے کا خدشہ پیدا ہوگیا۔ چیئرمین پی ایچ اے سید یاسر گیلانی نے بتایا کہ گزشتہ حکومت کی نسبت 20 گنا زیادہ پودے لگائے ہیں، پرائیویٹ سیکٹر کو بھی اس مہم میں شامل کر لیا ہے۔ ،پی ایچ اے نے متعلقہ پولیس سٹیشن سے سکیورٹی مانگ لی، اسسٹنٹ ڈائریکٹر ہارٹی کلچر نے ایس ایچ او شادمان کو مراسلہ لکھ دیا، مراسلے میں کہا گیا ہے کہ رات کے اوقات میں نشئیوں اور کچھ لوگوں کا گروپ میواکی جنگل شادمان آتا ہے ۔