چینی کی 90 روپے کلو میں فروخت کو یقینی بنایا جائیگا ، حسان خاور

چینی کی 90 روپے کلو میں فروخت کو یقینی بنایا جائیگا ، حسان خاور

زائد نرخوں پر چینی فروخت کرنیوالے دکانداروں کو جرمانے کئے جائیں گے ڈینگی پر سیاست نہیں کرنی چاہیے ،بستر نہ ملنے کی باتوں میں حقیقت نہیں، گفتگو

لاہور (سیاسی رپورٹرسے ) حکومت پنجاب کے ترجمان حسان خاورنے کہا ہے کہ حکومت پنجاب درآمد شدہ چینی صارفین تک پہنچانے کے لیے تمام ضروری اقدامات کر رہی ہے ۔ حکومت پنجاب کے 1250 پرائس مجسٹریٹ 90 روپے کلو کے حساب سے چینی کی فروخت کو یقینی بنائینگے ۔ مقررہ نرخوں سے زائد پر چینی فروخت کرنیوالے دکانداروں کو جرمانے کئے جائینگے ۔اپنے بیان میں انہوں نے کہا درآمدی چینی صرف گھریلو صارفین کو فروخت کی جائے گی کمرشل صارفین کا اس میں کوئی حصہ نہیں۔ انہوں نے بتایا کہ کین کمشنر نے آبادی کے لحاظ سے تمام اضلاع کے لیے درآمدی چینی کا کوٹہ مقرر کردیا ۔ درآمدی چینی ڈپٹی کمشنروں کے حوالے کر کے انہیں ڈیلروں کے ذریعے فروخت کرنے کی ہدایت کی گئی ۔سپلائی اور فروخت میں شفافیت یقینی بنانے کے لئے درآمدی چینی کی فروخت سے حاصل ہونے والی رقم ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان کے اکاؤنٹ میں جمع کروائی جائیگی۔ درآمدی چینی کی سپلائی اور ترسیل پر نظر رکھنے کیلئے پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ نے ڈیش بورڈ بنا دیا۔انہوں نے کہا لاہور سمیت پورے پنجاب میں ڈینگی سر اٹھارہا ہے ۔پنجاب حکومت عوام کو مشکل سے نکالنے کی کوشش کررہی ہے ۔ڈینگی پر سیاست نہیں کرنی چاہیے مریضوں کو بستر نہ ملنے کی باتوں میں حقیقت نہیں، ایکسپو سینٹر فیلڈ ہسپتال اسی لیے قائم کیا گیا ہے کہ جن ہسپتالوں میں بستر بھرگئے ہیں وہ مریض فیلڈ ہسپتال آئیں۔پروفیسرڈاکٹراسد اسلم خان کو ڈینگی فیلڈ ہسپتال کا فوکل پرسن تعینات کیاگیاہے ۔ڈینگی کے علاج معالجے کے بارے معلومات کیلئے ہیلپ لائن نمبر042-99211134-6 قائم کر دی گئی ہے ۔پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں میں ڈینگی کا ٹیسٹ بالکل مفت کیاجا رہاہے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں