سموگ،محکمہ ماحولیات کی تیاریاں نہ ہونے کے برابر

سموگ،محکمہ ماحولیات کی تیاریاں نہ ہونے کے برابر

فضائی آلودگی ماپنے والے آلات کی مرمت مکمل نہ ہو سکی،عوامی آگاہی کیلئے اعدادوشمار 1ماہ سے معطل آگاہی کے لیے قائم موبائل ایپلی کیشن نے بھی کام چھوڑ دیا ، محکموں سے مدد لے رہے ہیں :ترجمان

لاہور(عبدالقادرسے )سموگ کی آمد آمد مگر محکمہ ماحولیات کی تیاریاں کاغذوں، اجلاسوں تک محدود ، بروقت اقدامات نہ ہونے سے سموگ کے خطرات بڑھنے لگے ہیں ـ جبکہ فضائی آلودگی ماپنے والے آلات کی مرمت ہی مکمل نہ ہو سکی ، جس سے عوامی آگاہی کے آن لائن دئیے جانیوالے اعدادوشمار بھی 1 ماہ سے معطل ہیں، شہریوں کی آگاہی کے لیے قائم موبائل ایپلی کیشن نے بھی کام چھوڑ دیا ہے ۔پچھلے چار سالوں کی طرح امسال بھی محکمہ ماحولیات عملی اقدامات نہ اٹھا سکا ہے ـ، سموگ اکتوبر کے تیسرے ہفتے سے شروع ہوتی ہے لیکن اس بار پہلے شروع ہو چکی اور لاہور میں فضائی آلودگی کا سلسلہ اکتوبر سے دسمبر تک جاری رہتا ہے ـ۔ سموگ جانچنے کے آلات کی مرمت ہو سکی نہ ہی سموگ پیدا کرنے والوں کیخلاف کارروائی مکمل ہوسکی ہے ۔ـ آلودگی ماپنے والے ائر پوائنٹرز اور ائر کوالٹی مانیٹرنگ سٹیشز مکمل طور پر فعال نہ ہو سکے جس کے باعث شہریوں کو سموگ کی آگاہی دینے والی موبائل ایپلی کیشن بھی خاموش ہے ـ۔ فضا میں نائٹروجنی مرکبات، سلفیورک مرکبات سمیت زہریلی گیسز کے پیرا میٹرز کی عدم دستیابی سے صرف پارٹیکولیٹ میٹرز یاپی ایم 2.5 اور کاربن مرکبات کے اعدادو شمار ماپے جا رہے، جبکہ ترجمان محکمہ ماحولیات کا موقف ہے کہ محکمہ ماحولیات پنجاب انفارمیشن اینڈ ٹیکنالوجی سے مدد لے رہا ہے ، آن لائن اینڈرائڈ اور آئی ایس او ایپلی کیشنز تیارکرا رہے ہیں، ایپلی کیشنز سے شہری آلودگی کے اعدودوشمار سے با خبر رہ سکیں گے ، اسی طرح سموگ کے تدارک کیلئے ضلعی افسروں کو ٹاسک سونپ دئیے ہیں۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں