422 ملازم جنرل اکاؤنٹس میں بھیجنے پر ریلوے کاکام متاثر

422 ملازم جنرل اکاؤنٹس میں بھیجنے پر ریلوے کاکام متاثر

ممبر فنانس کی جانب سے چیئرمین ریلوے کو صورتحال سے آگاہ کردیا گیا

لاہور(رانا فہدامین سے )شعبہ اکاؤنٹس کے 422 ملازموں کو کنٹرولر جنرل آف اکاؤنٹس کے حوالے کرنے کے بعد ریلوے کا اپنا کام بری طرح متاثر ہوگیا ،ریلوے کی ڈویژنوں میں تنخواہوں اور پنشنز کی ادائیگی میں انتظامیہ کو شدید پریشانی کا سامنا ہے ، ممبر فنانس نے اکاؤنٹس ڈیپارٹمنٹ کے باقی 446 ملازموں کی فوری ریشنلائزیشن کا مطالبہ کردیا۔ ریلوے ممبر فنانس کی جانب سے چیئرمین ریلوے کو خط لکھ کر صورتحال سے آگاہ کردیا گیا۔ممبر فنانس کی جانب سے خط میں ڈویژنوں میں سٹاف کی کمی کے حوالے سے بتایا گیا،مراسلے میں بتایا گیا کہ شعبہ اکاؤنٹس کے بجٹ اور دیگر معاملات کنٹرولر جنرل آف اکاؤنٹس کے زیر انتظام ہونا خوش آئند ہے ، وزارت ریلوے نے شعبہ اکاونٹس کے حوالے سے 18 کروڑ 79 لاکھ 39 ہزار روپے کا مطالبہ کیا تھا جو سرنڈر کردیا ہے ، شعبہ اکاؤنٹس کے 422 ملازمین کو کنٹرولر جنرل آف اکاونٹس کے حوالے کرنے کے بعد ڈویژنوں میں کام شدید متاثر ہورہا ہے۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں