سموگ:ہسپتالوں میں جلد،سانس کے مریض بڑھنے لگے

سموگ:ہسپتالوں میں جلد،سانس کے مریض بڑھنے لگے

بیشتر ہسپتالوں کو پہلے ہی وسائل کی کمی کا سامنا ، متعلقہ اداروں کی طرف سے بھرپوراقدامات اُٹھانے کا دعویٰ سموگ کمیٹیاں متحرک ،کنٹرول کرنے کیلئے تمام ممکنہ اقدامات اُٹھائے جارہے ہیں:ڈی جی ماحولیات

لاہور(سہیل احمد قیصر)ہسپتالوں میں جلد اور سانس کے امراض میں مبتلا ہونے والے مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہوگیا۔ قبل از وقت شروع ہونے والی سموگ سے نمٹنے کے لیے متعلقہ اداروں کی طرف سے بھرپوراقدامات اُٹھائے جانے کا دعویٰ کیاگیا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق قبل از وقت شروع ہونے والی سموگ کے باعث جلد اور سانس کے امراض میں بھی اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے ۔معلوم ہوا ہے کہ اِس وقت شہر کے بڑے سرکاری ہسپتالوں کی ایمرجینسیز میں آنے والے مریضوں میں سے 60 سے 80 فیصد ڈینگی کے مریض آرہے ہیں ۔ اِن کے ساتھ سموگ سے متعلقہ امراض میں مبتلا ہونے و الے مریضوں کی تعداد میں بھی اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے جس کے باعث بڑے ہسپتالوں کے لیے صورت حال کا سنبھالنا مشکل ہورہا ہے ۔محکمہ صحت کے ذرائع کے مطابق بیشتر ہسپتالوں کو پہلے ہی وسائل کی کمی کا سامنا ہے جو مریضوں کی بڑی تعداد میں آمد کے باعث مزید کم پڑ گئے ہیں۔طبی ماہرین کی طرف سے مسلسل اِن خدشات کا اظہار سامنے آرہا ہے کہ آنے والے دنوں میں ڈینگی کے مریضوں کے ساتھ ساتھ ، سانس ، آنکھوں اور جلد کے مریضوں کی تعداد میں مزید اضافہ ہوگیا ہے ۔ دوسری طرف محکمہ تحفظ ماحولیات پنجاب کی ڈائریکٹر جنرل عنبرین ساجد کا کہنا ہے کہ سموگ کو کنٹرول کرنے کے تمام ممکنہ اقدامات اُٹھائے جارہے ہیں۔ روزنامہ دنیا سے گفتگو کرتے ہوئے اُن کا کہنا تھا کہ تمام اضلاع میں سموگ کنٹرول کمیٹیاں پوری طرح سے متحرک ہیں ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں