28شہروں میں 223اتائیت کے اڈے سربمہر

 28شہروں میں 223اتائیت کے اڈے سربمہر

589اتائیوں نے کاروبار ترک کر دئیے ،1125 علاجگاہوں کی نگرانی

لاہور (اپنے سٹاف رپورٹر سے ) پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن نے اتائیوں کے خلاف جاری کارروائی کے دوران گزشتہ تین ہفتوں کے دوران 28شہروں میں 223اتائیت کے اڈے سیل کر دئیے ۔ کمیشن کی ٹیموں نے 1116علاجگاہوں پر چھاپے مارکر وہ223 کاروبار بندکردئیے جہاں پر اتائی کام کر رہے تھے ۔589اتائیوں نے کاروبار ترک بھی کر دئیے ۔ علاوہ ازیں 1125 ایسی علاجگاہوں کی نگرانی بھی شروع کر دی گئی جہاں پر چھاپوں کے وقت مستند معالجین موجود تھے ۔ضلع رحیم یار خان میں کمیشن نے سیل کئے گئے اڈوں کوغیر قانونی طور پر کھولنے کے سبب 4 اتائیوں کے خلاف مقدمات درج کرا دئیے ۔راولپنڈی اور فیصل آباد ہر ایک میں 19،پاکپتن 15، لاہور 14، ملتان اور خوشاب ہرایک میں 13،چکوال اور ننکانہ صاحب ہرایک میں 11 جبکہ قصور میں 10 اتائیوں کے اڈے سربمہر کئے گئے ۔ لاہور میں بند کئے گئے اڈوں میں بڑی تعداد ان اتائیوں کی تھی جو جنرل فزیشنز بن کر لوگوں کی زندگیوں سے کھیل رہے تھے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں