عوامی رکشہ یونین کا مہنگائی کیخلاف احتجاجی مظاہرہ

عوامی رکشہ یونین کا مہنگائی کیخلاف احتجاجی مظاہرہ

24 گھنٹوں میں قیمتیں واپس ورنہ ہر انڈر پاس پر رکشے جلانے کی دھمکی

لاہور (ہیلتھ رپورٹر)عوامی رکشہ یونین نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے ، بے روزگاری اور مہنگائی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا جس میں سینکڑوں رکشہ ڈرائیوروں نے شرکت کی جو مہنگائی اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ظالمانے اضافے کے خلاف نعرے کرتے رہے ۔ اس موقع پر مرکزی چیئرمین مجید غوری نے کہا چیف جسٹس آف پاکستان سے اپیل ہے کہ مہنگائی پر سوموٹو ایکشن لیں،پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ واپس کرائیں،مزدوروں اور غریبوں کو آپ سے بڑی امیدیں ہیں، ماہ ربیع الاول میں لوگ جشن آمد رسول ﷺکے جلوس نکالتے تھے ،اب مہنگائی کے خلاف نکال رہے ہیں، حکومت نے لوگوں کواس ماہ مبارک میں بھی رلا دیا،پٹرول کی قیمتو ں میں اضافے سے رکشہ ڈرائیوروں کو کرایہ بھی بڑھانا پڑے گا،کرایہ بڑھنے سے رکشے میں سفر کرنے والی سواری کم ہو جائے گی ۔ مجید غوری کا کہنا تھا 24 گھنٹوں میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں اور مہنگائی کم نہ ہوئی تو شہر کے ہر انڈر پاس پر رکشے جلائیں گے ۔عوامی رکشہ یونین نے اعلان کیا مطالبات نہ مانے گئے تو ایوان وزیر اعلیٰ کے باہر مستقل دھرنا دیں گے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں