شیرانوالہ فلائی اوور:نجی کمپنی 130عمارتیں گرائے گی
مسماری پر 5کروڑ خر چ ہونگے ، مسماری کا عمل 45 روز میں مکمل ہوگا
لاہور (سٹاف رپورٹر سے )شیرانوالہ فلائی اوور کی تعمیر مکمل کرنے سے قبل اراضی ایکوائر کرنے کے لئے ایل ڈی اے نے نیا پلان بنا لیا، فلائی اوور کی زد میں آنے والی 130 عمارتوں کو گرانے کے لیے پرائیویٹ کمپنی کو ہائر کرنے کا فیصلہ کرلیاگیا ،پانچ کروڑ سے زائد رقم مسماری پر خرچ ہوگی۔ تفصیلات کے مطابق سرکلر روڈ پر شیرانوالہ کے مقام پر تعمیر ہونے والے داتا گنج بخش فلائی اوور پر تعمیراتی کام شروع ہوئے تین ماہ کا وقت گزر گیا مگر فلائی اوور کا ریمپ بنانے ،پائلنگ کرنے اور کالم بنانے کے لیے جگہ میسر نہ آسکی، فلائی اوور کی 130 سے زائد املاک کے متاثرین میں سے صرف سرکاری جگہ کو پیش کیا جاسکا اور باقی اراضی پر ابھی لوگ موجود ہیں،عمارتیں گرانے اور ملبہ ہٹانے پر 5 کروڑ 3 لاکھ 80 ہزار روپے لاگت کا تخمینہ لگایا گیا، مسماری کا عمل 45 روز میں کیا جائے گا۔ موضع نولکھا کی اراضی ایکوائر کرنے کے لئے پہلے سٹیک ہولڈرز کو ازخود املاک گرانے کی پیشکش کر دی گئی، 8 نومبر 2021 سے ایل ڈی اے ازخود مسماری کا عمل شروع کر دے گا۔ عمارتیں گرانے کے لیے کرین اور ڈمپر ٹرکس کا سہارا لیا جائے گا۔