اعلیٰ پولیس افسروں کی 6سیٹیں عرصہ دراز سے خالی
ایس ایس پی اور ایس پی رینک کے افسروں کی تعیناتی نہ ہو سکی،کام متاثر ,سی سی پی او نے تعیناتی کیلئے آئی جی پنجاب سے درخواست کر دی :ترجمان
لاہور (خبر نگار سے )لاہور پولیس میں اعلیٰ افسروں کی شدید کمی ہے ، ایس ایس پی اور ایس پی رینک کی 6سیٹیں عرصہ دراز سے خالی ہیں جس کی وجہ سے اہم امور کی فائلیں تاخیر کا شکار ہو رہی ہیں ۔ تفصیل کے مطابق ایس ایس پی انسپکشن اینڈ ڈسپلن ،ایس ایس پی موٹر ٹرانسپورٹ ، ایس پی سکیورٹی ،ایس پی اینٹی کارلفٹنگ سٹا ف ،ایس پی وی وی آئی پی سکیورٹی اور ایس پی مجاہد سکواڈ کی سیٹیں عرصہ دراز سے خالی ہیں ۔ خالی سیٹوں کی وجہ سے اہم فائلیں تاخیر کا شکار ہو رہی ہیں جس کی وجہ سے شہریوں کو بھی مشکلات کا سامنا ہے ، خالی سیٹوں کا اضافی چارج دیگر افسروں کے پاس ہے ، کام کا بوجھ زیادہ ہونے کی وجہ سے چارج افسر بھی بہتر طریقے سے کام نہیں کر رہے ۔ ترجمان لاہور پولیس کے مطابق سی سی پی او نے خالی سیٹوں پر افسروں کی تعیناتی کے لئے آئی جی پنجاب سے درخواست کر دی ۔