مہنگائی سے عوام کی زندگی اجیرن ہوچکی ہے :جماعت اسلامی
اشیا کی قیمتیں تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئیں :جاوید قصوری، تقریبات سے خطاب
لاہور (سیاسی نمائندہ)امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا کہ مہنگائی نے ہر طبقے کو بری طرح متاثر کیا ہے ۔ اشیا خورونوش کی قیمتیں تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہیں۔ جماعت اسلامی مہنگائی،بے روزگاری، لاقانونیت اور عوام کو درپیش دیگر مسائل کے حل کے لیے بھر پور انداز میں آواز اٹھا رہی ہے ۔امیر جماعت اسلامی سرا ج الحق کی اپیل پر ہفتہ احتجاج کا سلسلہ جاری ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مہنگائی کے خلاف ہفتہ احتجاج کے حوالے سے منعقدہ تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ سبزی منڈی بادامی باغ لاہور میں سبزیاں اور پھل لے کر آنے والے ٹرک ڈرائیوروں سے بھتہ وصول کرنے کی شکایات مل رہی ہیں۔ ٹرک ڈرائیور سراپا احتجاج ہیں،مگر مجال ہے کہ صوبائی حکومت یا کسی اور ادارے کے کانوں پر جوں تک بھی رینگتی ہو۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ اس حوالے سے مکمل تحقیقات کی جائیں اور متاثر ین کی لوٹی ہوئی رقم واپس دلائی جائے ۔ یہ پورا نظام مافیا کے کنٹرول میں ہے ۔ بھتہ دیئے بغیر تاجروں کو کاروبار کرنے کی اجازت نہیں۔