گاڑی پکڑی گئی ، 520 لٹر جعلی دودھ تلف کردیاگیا
ڈیری سیفٹی ٹیم کو سنگین نتائج کی دھمکیاں،ملزم گرفتار، مقدمہ درج
لاہور (اپنے سٹی رپورٹر سے )لاہور میں جعلی دودھ سپلائی کی بڑی کوشش ناکام بنا دی گئی ،فوڈ اتھارٹی آپریشنل ٹیم نے اڈا پلاٹ کے مقام پر جعلی دودھ کے خلاف کریک ڈاؤن کیا ۔ تفصیلات کے مطابق اڈ اپلاٹ لاہور سے جعلی دودھ لانے والی گاڑی پکڑی گئی، 520 لٹر جعلی دودھ تلف کر دیاگیا ۔موقع پر کیے گئے ٹیسٹ میں یوریا، فارمالین اور پانی کی ملاوٹ پائی گئی۔جعلی دودھ بردار گاڑی اڈا پلاٹ پر پنجاب فوڈ اتھارٹی کے ناکہ سے فرار ہورہی تھی۔طویل مزاحمت کے بعد ڈیری سیفٹی ٹیم نے جعلی دودھ بردار گاڑی ایل ای آئی 1100کو قبضے میں لے لیا ۔کوٹ رادھا کشن سے سپلائی کیے جانیوالے دودھ کے سپلائر نے ڈیری سیفٹی ٹیم کو سنگین نتائج کی دھمکیاں دیں۔ سپلائرکو مقدمہ درج کرکے موقع پر گرفتار کر لیا گیا۔دودھ کی مقدار میں اضافے کے لیے آلودہ پانی اور کیمیکلز کی ملاوٹ سنگین جرم ہے ۔ملاوٹی اور ناقص دودھ کا استعمال بچوں اور بڑوں میں متعدد بیماریوں کا باعث بنتاہے ۔جدید لیکٹو سکین مشینوں سے لیس موبائل ٹیسٹنگ لیبز سے شہر میں آنے والی ہر دودھ بردار گاڑی کو چیک کیا جاتا ہے ۔