واسامنصوبوں میں مبینہ گھپلے،انکوائری شروع

واسامنصوبوں میں مبینہ گھپلے،انکوائری شروع

ترقیاتی کاموں میں مٹیریل ٹیسٹنگ کے عمل کا آغاز ، نشتر میں ترقیاتی کاموں کی میٹریل ٹیسٹنگ کیلئے سیمپل لئے جائینگے الکریم چوک سے گرین ٹاؤن میں ٹرنک سیور کی تعمیر کی چیکنگ ہوگی، ذمہ دار افسروں کیخلاف کارروئی کرینگے :وی سی واسا

لاہور (شیخ زین العابدین)شہر میں سیوریج اور واٹر سپلائی لائنوں کی تعمیر میں ہونے والے گھپلوں کی تحقیقات شروع کر دی گئیں، واسا کے چھ ڈائریکٹوریٹ میں جاری 22 ترقیاتی کاموں کی انکوائری کی جائے گی، واسا کے کوالٹی کنٹرول ڈائریکٹوریٹ نے سیمپل لینے کا عمل شروع کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق وزیر اعلٰی پیکیج سے شہر میں مختلف مقامات پر سیوریج اور واٹر سپلائی لائنوں کی تبدیلی کا کام جاری ہے مگر ان میں انجینئرنگ کے قوانین کو پس پشت ڈالتے ہوئے مبینہ طور پر ناقص مٹیریل کا استعمال کیا جارہا ہے ، واسا کے تمام ترقیاتی کاموں میں مٹیریل ٹیسٹنگ کے عمل کا آغاز کر دیا گیا،نشتر ٹاؤن میں جاری پانچ ترقیاتی کاموں کی مٹیریل ٹیسٹنگ کیلئے سیمپل لیے جائیں گے ۔ علامہ اقبال ٹاؤن اور شالیمار ٹاؤن میں ایک ایک ترقیاتی کام کی انکوائری شروع کر دی گئی، واسا کے شعبہ پی اینڈ ایس کے لئے پانچ ٹینڈرز میں ہونے والی بے ضابطگیوں کی انکوائری شروع کی گئی۔ گلبرگ ٹاؤن میں جاری تین ترقیاتی کاموں میں تعمیراتی معیار کو چیک کیا جائے گا جبکہ گنج بخش ٹاؤن میں بھی پانچ جاری ترقیاتی کاموں میں ناقص مٹیریل کے استعمال کی تحقیقات کی جائیں گی ، واسا کے کوالٹی کنٹرول ڈائریکٹوریٹ کی جانب سے لکھے گئے مراسلے کے مطابق قینچی، ایم بلاک، ایل بلاک ماڈل ٹاؤن ایکسٹینشن، یونین کونسل 231 میں تعمیراتی کاموں کی چیکنگ ہوگی، یوسی 234، یو سی 105، یو سی 233، یوسی 236 میں سیوریج واٹر سپلائی کاموں کی انکوائری جبکہ الکریم چوک سے صدیق چوک گرین ٹاؤن میں ٹرنک سیور کی تعمیر کی چیکنگ ہوگی۔ وی سی واسا شیخ امتیاز محمود کا کہنا ہے کہ یونین کونسل 97 میں ناقص مٹیریل کا انکشاف ہونے پر تحقیقات کا آغاز کیا تھا اور اب مٹیریل چیکنگ کا دائرہ کار وسیع کر رہے ہیں ،تعمیراتی کاموں میں غفلت برتنے والے افسروں کے خلاف کارروائی کرینگے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں