شہر میں 2نئے پارکوں کے منصوبے فائلوں تک محدود
جوہر ٹاؤن انٹرٹینمنٹ ، شاہدرہ پارک شامل ، ایک کی جگہ ایکوائر کرلی:ڈی جی
لاہور (شیخ زین العابدین)حکومت نے دو نئے پارکوں کے منصوبے بنائے ، دونوں فائلوں تک محدود ہیں ۔ تفصیلات کے مطابق شہر کے پانچ بڑے پارکوں میں کسی ایک مقام پر بھی نیا جھولا نہیں لگایا گیا، ایل ڈی اے نے جوہر ٹاؤن میں انٹرٹینمنٹ پارک کا منصوبہ بنایا، فنڈز نہ ہونے کی وجہ سے انٹرٹینمنٹ پارک منصوبہ بند کر دیاگیا۔ شاہدرہ میں 70 کنال اراضی پر پارک بنانے کا منصوبہ کھٹائی میں پڑ گیا، حکومت نے جیلانی پارک ریس میں زپ لائن کی منظوری دی ، تین سال میں جیلانی پارک میں زپ لائن کی تصدیق نہ ہوسکی ۔ڈی جی پی ایچ اے جواد احمد قریشی نے بتایا کہ شاہدرہ میں نیا پارک بنانے کے لیے جگہ ایکوائر کر لی ، زپ لائن منصوبے کو پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت لگائیں گے ، شہر کا ماحول بہتر بنانے کے لیے لاکھوں کی تعداد میں پودے لگائے گئے ہیں۔