83فیصدقبرستانوں میں بنیادی سہولتیں ناپید
قبرستانوں میں نشیئوں کے ڈیرے ، کارپوریشن کی کمیٹی غیر فعال ، محلہ کمیٹیاں بھی غیر موثر، ایک سے 35 یونین کونسل میں 165 قبرستان چاردیواری سے محروم 36سے 70 یوسی میں 135 قبرستانوں میں جناز گاہ ، وضوخانہ نہیں ، قبرستانوں کی تعمیر و بحالی کے لئے یونین کونسلز سیکرٹری کام کرا رہے ہیں:چیف کارپوریشن آفیسر
لاہور (عمران اکبر)شہر کی 2سو 74یونین کونسلز میں 8سو 45قبرستانوں کی بحالی کا منصوبہ التوا کا شکار ہے ،کسی قبرستان کی چاردیواری نہیں توبیشتر قبرستان بنیادی سہولیات سے ہی محروم ہیں، لوکل گورنمنٹ و ورلڈ بینک کی قبرستان گرانٹ غیر ترقیاتی اخراجات پر خرچ کرنے کا انکشاف ہوا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق 83 فیصد قبرستانوں کی تعمیروبحالی ،جنازگاہ ،وضو خانہ غسل خانہ و چار دیواری سے محروم ہیں ،قبرستانوں میں نشیئوں نے ڈیرے جمائے ہوئے ہیں۔میٹروپولیٹن کارپوریشن کی قبرستان بحالی کمیٹیاں شہرخاموشاں کے لئے خاموش ہیں ،قبرستانوں کے لئے محلہ کمیٹیاں بھی فعال نہ ہو سکیں ۔یونین کونسل ایک سے 35 میں 165قبرستان میں بیشتر چاردیواری سے محروم ہیں ،یونین کونسل 36تا 70میں 135 قبرستانوں میں بیشتر جنازگاہ،وضوخانہ سے محروم ،یونین کونسل 71تا 130کے 170قبرستانوں میں بیشتر تعمیرومرمت کے کاموں سے محروم،یونین کونسل 131تا 200کے 198قبرستانوں میں داخلی گیٹ و راستے ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں۔یونین کونسل 201تا 240کے 88قبرستانوں میں سے بیشتر میں کتے اور گدھے موجود ہیں،یونین کونسل 241تا 274کے 89 قبرستانوں میں سہولیات کا فقدان ہے ۔چیف کارپوریشن آفیسر حافظ شوکت علی کا کہنا ہے کہ قبرستانوں کی تعمیر و بحالی کے لئے یونین کونسلز سیکرٹری کام کرا رہے ہیں۔