زیر تعمیر ماڈل بازاروں کو جلد مکمل کرنے کی ہدایت
32 ماڈل بازار عوام کو سہولیات فراہم کر رہے :سیکرٹری انڈسٹریز
لاہور(ایجوکیشن رپورٹر) سیکرٹری انڈسٹری واصف خورشید نے سی او ماڈل بازار مینجمنٹ کمپنی کو زیر تعمیر ماڈل بازاروں کو جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت جاری کر دی۔ پنجاب کے مختلف شہروں میں 32 ماڈل بازار عوام کو سہولیات فراہم کر رہے ہیں، ماڈل بازار کی اس مقبولیت کو دیکھتے ہوئے حکومت پنجاب نے ابتدائی طور پر ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز میں 17 مزید سٹیٹ آف دی آرٹ ماڈل بازار قائم کرنے کے لئے مقامات کا انتخاب کر لیا ہے ۔ عوامی مفادات کو مد نظر رکھتے ہوئے پنجاب کے تین بڑے شہروں بھکر، میانوالی ، پاکپتن میںبسنے والی عوام کے لئے ماڈل بازاروں میں سبزی ، پھل ، کریانہ ، مٹن مچھلی ، گارمنٹس، جیولری، لیڈیز گارمنٹس، کھلونوں سمیت دیگر دکانیں بنائی جائیں گی۔