مزدوروں کے بچوں کیلئے تعلیمی ووچرسکیم زیر التوا

مزدوروں کے بچوں کیلئے تعلیمی ووچرسکیم زیر التوا

ورکرز ویلفیئر فنڈکے پاس وافرپیسے ہونے کے باوجود منصوبہ ایک سال بعد بھی اعلانات تک محدود ،ہزاروں مزدور جیب سے فیسیں اداکرنے پر مجبور پری میٹرک بچوں کو ماہانہ 4 ہزار روپے دینے کے فیصلے پر عملدرآمد نہیں ہورہا :متحدہ لیبر ،گورننگ باڈی اجلاس میں مشاورت ہوگی:ڈائریکٹر ایجوکیشن

لاہور(عاطف پرویز سے ) ورکر زویلفیئر فنڈ کی مزدوروں کے بچوں کیلئے تعلیمی ووچر سکیم کا اجرا نہ ہوسکا ۔ایک سال بعد بھی منصوبہ اعلانات تک محدود ہے ۔سکیم کے تحت جن شہروں اور علاقوں میں ڈبلیو ڈبلیو ایف کے سکول نہیں ہیں وہاں بچے نجی سکولوں میں تعلیم حاصل کریں گے اور فیس ادارہ ادا کرے گا ۔ اس منصوبے کیلئے ادارے کے پاس وافر فنڈز بھی موجود ہیں مگرایک سال بعد بھی پیش رفت نہیں ہوسکی ۔ ادارے کے مختلف شہروں میں 70 کے قریب سکول ہیں ۔ ذرائع کا کہنا ہے ڈبلیو ڈبلیو ایف کے پاس پری میٹرک بچوں کیلئے الگ سے فنڈ موجود ہے ۔ چلڈرن ایجوکیشن سیس کے تحت ماضی میں بچوں کو پیسے ملتے رہے تاہم ایک دہائی قبل اس کو بند کردیا گیا ۔اس حوالے سے متحدہ لیبر فیڈریشن پاکستان کے جنرل سیکرٹری حنیف رامے کا کہنا ہے ڈبلیو ڈبلیو ایف کی گورننگ باڈی نے بھی اس بات کی منظوری دی ہے کہ رجسٹرڈ ورکرز کے پری میٹرک بچوں کو تعلیم کی مد میں ماہانہ چار ہزار روپے دئیے جائیں مگر فیصلے پر عملدرآمد نہیں ہورہا اور ہزاروں ورکرز بچوں کی فیس اپنی جیب سے ادا کررہے ہیں ،حالانکہ سندھ میں سکیم پر عملدرآمد ہورہا ہے ۔ڈائریکٹر ایجوکیشن ڈبلیو ڈبلیو ایف محمد سجاد کا کہنا ہے گورننگ باڈی کے آئندہ اجلاس میں یہ ایجنڈے میں شامل ہے ،اس پر مشاورت ہوگی ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں