11پارکنگ پلازوں کی تعمیر شروع نہ ہو سکی،لاگت9ارب بڑھ گئی

11پارکنگ پلازوں کی تعمیر شروع نہ ہو سکی،لاگت9ارب بڑھ گئی

4 برس میں تخمینہ 3سے 12 ارب ہو گیا ،5پارکنگ پلازے ایم سی ایل ،2اوقاف ،2پی ایچ اے کی زمین پر تعمیر ہونگےپارکنگ کمپنی نے ورکنگ پیپرز ایم سی ایل کو ارسال کر دئیے ،ڈی سی کے چیف انجینئر کوسمری تیار کرنے کے احکامات

لاہور (عمران اکبر )شہر میں 11 پارکنگ پلازے 4 برس سے زیرالتوا ہونے کے باعث تخمینہ لاگت 3ارب سے بڑھ کر 12ارب روپے ہو گیا ۔ تفصیل کے مطابق شہر میں پارکنگ اور ٹریفک روانی کی ابتر صورتحال بہتر بنانے کیلئے 4 سال قبل 11 پارکنگ پلازے بنانے کا منصوبہ بنایا گیا اور ان کی لاگت کا تخمینہ 3ارب روپے لگایا گیا تھا ۔موجودہ ورکنگ پیپرز کے مطابق تخمینہ 9ارب روپے بڑھ گیا ہے ،پارکنگ کمپنی نے ورکنگ پیپرز تیار کر کے میٹروپولیٹن کارپوریشن کو ارسال کر دئیے ۔ورکنگ پیپرز کے مطابق داتا دربار پر 3 کنال 6 مرلہ پر10منزلہ،شیرانوالہ گیٹ میں 20کنال پر 2 منزلہ ،ہال روڈ پر2 کنال 7 مرلے پر7منزلہ ،ٹاؤن ہال میں8کنال5مرلے پر 3 منزلہ ،برکت مارکیٹ میں7کنال4مرلہ پر2منزلہ ،فیروز پورروڈ اچھرہ میں4کنال 3 مرلہ پر2منزلہ ،لاہور ہائیکورٹ میں8کنال 4مرلہ پر 4 منزلہ ،اکبری گیٹ میں 31کنال اراضی ،ماڈل ٹاؤن میں اتفاق ہسپتال سے ملحقہ 11کنال 3 مرلہ پر 3 منزلہ،دہلی مسلم ہسپتال سے منسلک 4کنال5مرلہ پر 4 منزلہ ،گلیکسی فیروز پور روڈ پر 4کنال 8 مرلہ پر4منزلہ پلازہ بھی نہ بن سکا۔ورکنگ پیپرز کے مطابق5پارکنگ پلازے ایم سی ایل ،2 اوقاف ،2پی ایچ اے ،1ایل ڈی اے اور 1 لیکوئیڈیشن بورڈ کی اراضی پر تعمیر ہو گا ۔ابتدائی طور پر اسلام پورہ گراؤنڈ میں پارکنگ پلازہ بنایا جائے گا۔ڈی سی عمر شیر چٹھہ نے چیف انجینئر اسرار سعید کو سمری تیار کرنے کے احکامات دیدئیے ،سمری وزیر اعلیٰ کو بھیجی جائیگی ،انہوں نے کہا پوری کوشش ہے کہ پارکنگ پلازے تعمیر کروا سکیں ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں