46 غیرقانونی شکاری گرفتار، ساڑھے 4 لاکھ جرمانہ
گرفتار افراد کو مقامی تھانوں کی حوالاتوں میں بندکیاگیا، چالان عدالتوں میں پیش
لاہور(زنیرہ الیاس )صوبہ کے مختلف مقامات پر متعدد کامیاب کارروائیوں کے دوران46 غیر قانونی شکاریوں کو گرفتار کر کے اُن سے چار لاکھ چالیس ہزار روپے محکمانہ معاوضہ کی مد میں وصول کر لئے گئے ۔ تفصیلات کے مطابق پیرمحل موٹروے انٹر چینج پر اچانک چھاپے کے دوران ایک نجی ریستوران سے زندہ تیتر،مرغابیاں اور جنگلی کبوتر برآمد کرکے 2افراد کو گرفتارکیااوران کے چالان عدالت میں پیش کئے گئے ، حویلی لکھا اور دیپالپورسے جنگلی طوطوں اور بٹیر کے غیرقانونی شکار میں ملوث22 شکاریوں کو گرفتارکرکے انہیں مجموعی طورپر1لاکھ 29ہزار روپے جرمانہ کیاگیا۔بہاولنگر میں جنگلی طوطوں اور مرغابی کے شکار میں ملوث5غیرقانونی شکاریوں کو گرفتار کرکے انہیں 90ہزار روپے جرمانہ کیا گیا ۔ تحصیل چوبارہ سے جنگلی خرگوش کے غیر قانونی شکار میں ملوث 7افراد کوگرفتارکرکے تھانہ چوبارہ کی حوالات میں بند کردیاگیااور بعد ازاں کیس کمپاؤنڈ ہونے پرمبلغ 70 ہزار روپے جرمانہ کیاگیا ۔ شکر گڑھ سے کتوں کی مدد سے سؤر کے غیر قانونی شکار میں ملوث7 افراد کو گرفتار کر کے انہیں 55ہزار روپے جرمانہ کیا گیا ، نیز گزشتہ دنوں ظفروال کے علاقے میں بھٹکی پاڑہ ہرن کو آبادی سے پکڑ کر ذبح کرکے گوشت تقسیم کرنے والے 6افراد کو گرفتار کیاگیا۔