845قبرستانوں میں قبروں‌کے مختلف نرخ

845قبرستانوں میں قبروں‌کے مختلف نرخ

سرکاری قبرستانوں میں گورکن کی اجرت بمعہ مٹیریل 10 ہزاراور پرائیویٹ میں 10ہزار سے پچاس ہزار روپے میانی صاحب میں پکے کھاتے کی قبر کا ریٹ ساڑھے 10ہزار ،شہر خاموشاں اتھارٹی مؤثر اقدام کرے:سیکرٹری بلدیات

لاہور (عمران اکبر)شہر کی 274یونین کونسلز میں 845قبرستانوں میں قبروں کے متفرق نرخوں کا انکشاف ہوا ہے ،شہر خاموشاں اتھارٹی بے بس ہو گئی ۔ تفصیلات کے مطابق قبرستانوں میں قبر کی گہرائی ساڑھے تین فٹ اور لمبائی 6فٹ کرنے کے 1ہزار روپے ہیں،قبر کے اندر 250اینٹوں کی چار دیواری اور چار سلیبوں کے 10ہزار روپے ہیں ،سرکاری قبرستانوں میں گورکن کی اجرت بمعہ مٹیریل دس ہزار روپے ہے ، پرائیویٹ قبرستانوں میں گورکن فیس بمعہ مٹیریل 10ہزار سے پچاس ہزار روپے ہے ،میانی صاحب قبرستان میں پکے کھاتے کی قبر کا ریٹ 10ہزار 5سو روپے ہے ۔بی بی پاکدامن قبرستان میں پکے کھاتے کی قبر کا ریٹ 50ہزار روپے ہے ۔شاہ جمال قبرستان میں قبر کی فیس 10ہزار روپے ہے ،میاں میر قبرستان میں 30ہزار روپے قبر کا ریٹ ہے ، اقبال ٹاؤن راوی بلاک شہنشاہ قبرستان میں قبر کا ریٹ 40ہزار روپے ہے ۔ساندہ قبرستان میں قبر کا ریٹ 30ہزار روپے ہے ، شہر خاموشاں کاہنہ میں قبر کا ریٹ 10ہزار روپے ہے ،83 فیصد قبرستانوں میں قبر کا ریٹ 25 سے 40ہزار روپے ہے ،شہرخاموشاں کمیٹی شہر کے قبرستانوں میں قبر کے ریٹ کا تعین نہ کر سکی۔ قبرستانوں کیلئے محلہ کمیٹیاں بھی فعال نہ ہو سکیں۔یونین کونسل ایک سے 35 میں 65 قبرستانوں میں قبر کا ریٹ 25ہزار روپے ہے ۔ یونین کونسل 36تا 70میں 135 قبرستانوں میں قبر کا ریٹ 10سے 35ہزار روپے ،یونین کونسل 71تا 130کے 170قبرستانوں میں قبر کا ریٹ 10سے 40ہزار روپے ،یونین کونسل 131تا 200کے 198 قبرستانوں میں قبر کا ریٹ 10سے 50ہزار روپے ہے ،یونین کونسل 201تا 274کے 177 قبرستانوں میں قبر کا ریٹ 10سے 50ہزار روپے ہے ۔ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ سرکاری ریونیو میں پرائیویٹ قبرستانوں کی قبر فیس کی مد میں ایک روپیہ جمع نہ کرا کر کروڑوں روپے ہڑپ کئے جا رہے ہیں ۔سیکرٹری بلدیات پنجاب نورالامین مینگل کا کہنا ہے کہ شہر خاموشاں اتھارٹی کو قبرستانوں کیلئے فعال کر کام کرنا ہو گا ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں