گنجان آباد علاقوں میں اونچی عمارتوں کیلئے سیوریج نظام ناکافی قرار
گلبرگ ،فیروز پور روڈ اور جوہر ٹاؤن میں بلندوبالا عمارتوں کی تعمیر سے سیوریج کے نئے مسائل پیدا ہو گئے واسا ماسٹر پلان 2040 میں شامل منصوبے شروع نہ ہوسکے ،ضروریات کو مد نظر رکھتے ہوئے کام کیا جائیگا:ایم ڈی
لاہور (شیخ زین العابدین)شہر کے گنجان آباد علاقوں میں سیوریج نظام کی صلاحیت بلندوبالا عمارتوں کیلئے ناکافی قرار دے دی گئی ، سیوریج انفراسٹرکچر کی اپ گریڈیشن کیلئے واسا کے ماسٹر پلان 2040 میں شامل منصوبوں پر تین سال سے کام ہی شروع نہ ہوسکا۔تفصیل کے مطابق گلبرگ ،فیروز پور روڈ اور جوہر ٹاؤن میں بلندوبالا عمارتوں کی تعمیر سے نئے مسائل پیدا ہونے کا انکشاف ہوا ہے ۔کثیر المنزلہ عمارتوں کی تعمیر سے قبل واسا نے ماسٹر پلان 2040 تیار کیاجس میں گلبرگ، فیروز پور روڈ اور جناح ہسپتال کے قریب ٹرنک سیور بچھانے کا پلان بنایا،واسا نے ٹرنک سیوریج کیلئے 20 ارب کا تخمینہ لگایا، موجودہ حکومت کے 3 برس میں ٹرنک سیور بچھانے پر کام شروع نہ ہوا۔ گلبرگ میں سیوریج سسٹم بہتر بنانے کیلئے 4 ارب 76 کروڑ،شاہ دی کھوئی سے ٹھوکر 1ارب 86 کروڑ،فیروز پور روڈ کا سیوریج انفراسٹرکچر اپ گریڈ کرنے کیلئے 11 ارب 92 کروڑ روپے کا تخمینہ لگایا گیا۔ ایم ڈی واسا نے گزشتہ برس تین میگا پراجیکٹس کی سمری پنجاب حکومت کو ارسال کی لیکن ابھی تک کوئی جواب نہیں دیاگیا۔ایم ڈی واسا سید زاہد عزیز کا کہنا ہے واسا کے ان منصوبوں کو ماسٹر پلان میں شامل کیا گیا ہے ،مستقبل قریب میں ضروریات کو مد نظر رکھتے ہوئے ان پر کام شروع کیا جائے گا۔