لاہور آلودگی کی مستقل لپیٹ میں،بدستور سرفہرست
آلودگی کی اوسط شرح 230 ،تعلیمی اداروں میں چھٹی بھی کام نہ آ سکیگلبرگ میں اے کیو آئی سب سے زیادہ 391 ،کوٹ لکھپت میں 344 ریکارڈ
لاہور(سٹی رپورٹر سے ) لاہور آلودگی کی دوڑ میں بدستور سرفہرست ہے ،تعلیمی اداروں میں چھٹی کے باوجود شہر کا اوسط ائیرکوالٹی انڈیکس 2سوسے نیچے نہ آسکا۔صورت حال میں بہتری کیلئے سبھی نظریں آسمان پر جم گئیں۔تفصیل کے مطابق آلودگی نے شہر لاہورمیں مستقل ڈیرے ڈال لئے ہیں۔تمام تر حکومتی دعوؤں کے باوجودآلودگی کی شرح میں قابل اطمینان حد تک کمی نہ آسکی۔ تعلیمی اداروں میں چھٹی کے باوجود گزشتہ روز شہر کا اوسط ائیرکوالٹی انڈیکس 230 رہا۔آلودگی کے اعتبار سے شہرکاپوش ایریا گلبرگ،391ائیرکوالٹی انڈیکس کے ساتھ سرفہرست رہا،کوٹ لکھپت میں344 ،انارکلی 273 ،ماڈل ٹاؤن 263 ،ٹھوکر نیاز بیگ 230 ،بحریہ ٹاؤن میں شرح 226 اے کیو آئی رہی۔اِس حوالے سے محکمہ تحفظ ماحولیات کے ترجمان نے روزنامہ دنیاکو بتایا دھواں چھوڑے والی گاڑیوں اورٹائر جلانے والی فیکٹریوں کے خلاف مسلسل کارروائیاں جاری ہیں۔دوسری طرف محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ24گھنٹوں کے دوران شہرمیں بارش کا کوئی امکان نہیں ہے ۔