اورنج ٹرین منصوبہ 6سال بعد بھی ادھورا:ایل ڈی اے کا تکمیلی سرٹیفکیٹ دینے سے انکار
لاہور (شیخ زین العابدین)ایل ڈی اے نے اورنج لائن ٹرین منصوبے کو ادھورا قرار دے دیا، 2015 میں شروع ہونے والی میٹرو اورنج لائن ٹرین6سال بعد بھی مکمل نہ ہوسکی، محکمہ ٹرانسپورٹ نے ایل ڈی اے سے پی سی فور(تکمیلی سرٹیفکیٹ) مانگا مگراورنج ٹرین نامکمل ہونے کی وجہ سے ایل ڈی اے نے جمع کرانے سے انکار کر دیا۔
تفصیل کے مطابق لاہور کی پہلی الیکٹرک اورنج لائن ٹرین کی تعمیر کا آغاز شہباز دور حکومت میں کیا گیا،ترقیاتی کاموں کو مکمل کئے بغیر26 نومبر 2020 کو پنجاب حکومت نے ٹرین چلا دی،27 کلومیٹر ٹریک سے ملحقہ سڑکوں پر کارپٹنگ نہ ہوسکی، تاہم اب آئندہ مالی سال کے مجوزہ بجٹ میں اورنج ٹرین کو پنجاب حکومت نے ترجیحات سے نکال دیا مگر محکمہ ٹرانسپورٹ نے ایل ڈی اے سے اورنج ٹرین کا کمپلیشن سرٹیفکیٹ بھی مانگ لیا ۔
محکمہ ٹرانسپورٹ نے منصوبے پر غیر ملکی پیسے کے استعمال،الیکٹریکل اور سول ورک پر آنے والے اخراجات ،لینڈ ایکوزیشن، کنٹی جینسی اور کنٹریکٹرز کو دی گئی رقوم کی تفصیلات مانگی ہیں۔ ایل ڈی اے نے محکمہ ٹرانسپورٹ کو چٹھی لکھ دی کہ ایڈ گریڈ ورک اور مرمت و بحالی کا کام ابھی جاری ہے۔
کنٹریکٹرز کی کچھ ادائیگیاں روکی ہیں اور کچھ واجب الادا ہیں، جب تک ادائیگیوں اور تعمیراتی کام کی تکمیل نہیں ہوتی، پی سی فور جمع نہیں کراسکتے ۔محکمہ ٹرانسپورٹ نے ایل ڈی اے کومنصوبے کو جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت کر دی ۔