عمران خان نے اقلیتوں کیلئے قابل قدر کام کیا:چیلارام
لاہور (نمائندہ دنیا ) چیئرمین قومی اقلیتی کمیشن ڈاکٹر چیلا رام نے بادشاہی مسجد لاہور کے خطیب عبدالخبیر آزاد سے ملاقات کی، جس میں ملک بھر میں بسنے والی اقلیتوں کے حقوق اور حکومتی اقدامات زیر بحث آئے جبکہ قومی اقلیتی کمیشن کو مزید فعال بنانے کے لیے بھی امور زیر بحث لائے گئے۔
دوران ملاقات گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر چیلارام نے کہا کہ 74سالوں میں پہلی بار وزیراعظم عمران خان نے قدیم گورودواروں اور مندروں کی ازسرنوبحالی کے لیے قابل قدر کام کیا ۔چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد نے کہا کہ بین المذاہب ہم آہنگی وقت کی اہم ضرورت ہے ، پاکستان میں بین المسالک و بین المذاہب ہم آہنگی کے کام کی ابتدا بادشاہی مسجدلاہورسے کی گئی، جس کو ہم آگے لے کر چل رہے ہیں۔
اسلام اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کا ضامن ہے ، تمام مذاہب کی عبادت گاہیں قابل احترام ہیں،بین المذاہب ہم آہنگی کے تناظر میں جلد ملک بھر کی اقلیتی عبادت گاہوں کا دورہ شروع کریں گے ،مولانا آزاد نے کہا کہ عالمی برادری بھارت میں اقلیتوں پر ہونے والے مظالم کا سخت نوٹس لے ۔