پٹرولیم مصنوعات مہنگی ہونے پر عوامی رکشہ یونین کامظاہرہ

پٹرولیم مصنوعات مہنگی ہونے پر عوامی رکشہ یونین کامظاہرہ

لاہور(سپیشل رپورٹر)پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف عوامی رکشہ یونین نے ٹھوکر نیازبیگ چوک میں احتجاجی مظاہرہ کیا۔

مظاہرے میں سینکڑوں رکشہ ڈرائیوروں نے شرکت کی جو حکومت اور مہنگائی کے خلاف نعرے بازی کرتے رہے ۔مرکزی چیئرمین مجید غوری اور دیگر مظاہرین نے کہا مہنگائی نے غریبوں کو خود کشیوں پر مجبور کردیا،لوگ رو رہے ہیں لیکن بے رحم حکمران مسلسل مہنگائی میں اضافہ کرنے پر تلے ہوئے ہیں،مہنگائی کا خاتمہ اور پٹرول کی قیمت 90روپے لٹر کی جائے ،ورنہ شہر کے داخلی اور خارجی راستے بند کردیں گے ۔

ان کا کہنا تھا اپنی تمام ضروریات سرکاری خزانے اور لوٹ مار سے پوری کرنے والے کیا جانیں کہ5،سات سو روپے کمانے والا رکشہ ڈرائیور اور مزدور کس طرح گزر بسر کرتا ہوگا،مکان کا کرایہ ،بجلی، پانی اور گیس کا بل کیسے ادا کرے گا،ان کے بچے بھوک سے بلک رہے ہیں۔

وزیر اعظم نے غربت ختم کرنے کے وعدے پر ہم سے ووٹ لئے تھے ،انہوں نے توغریب ختم کرنے شروع کردئیے ہیں۔ہمارا مطالبہ ہے کہ رکشہ ڈرائیوروں کو احساس پروگرام میں شامل کیاجائے ، اشیاضروریہ اور ادویات کی قیمتوں میں کمی کی جائے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں