آوارہ کتوں کی نسل کشی مہم ناکام، 12 ملازمین کو وضاحتی نوٹس
لاہور (اپنے سٹی رپورٹر سے )شہر میں آوارہ کتوں کی نسل کشی مہم میٹروپولیٹن کارپوریشن کیلئے درد سر بن گئی ،کاٹنے کے واقعات میں اضافہ ہونے لگا،مہم سکواڈ کے 12ملازمین کو وضاحتی نوٹس جاری کر دیا گیا۔
شہر میں آوارہ کتوں کو پکڑا گیااور نہ ہی ان کی نسلی کشی کی گئی،ٹریننگ نہ ہونے کے باعث کتا پکڑنے والا سکواڈ کچھ نہ کر پایا ۔ چیف آفیسر ریگولیشن نے کتا پکڑ مہم سکواڈ کے 12ملازمین کو وضاحتی نوٹس جاری کر دیا۔
نشتر زون کے نعیم یوسف اور محمد اکرم نور ،شالامار زون کے وارث اور سرمد علی نقی ،علامہ اقبال زون کے محمد سعید ،واہگہ زون کے شہزاد ملک اور سجاد احمد ،عزیز بھٹی زون کے نوید احمد اور باسط علی ،راوی زون کے عرفان سلامت اور شہزاد اور داتا گنج بخش زون کے عمیر مقصود کو وضاحتی نوٹس جاری کیا گیا۔
کتا پکڑنے کی مہم کے حوالے سے ملازمین نے شہریوں کی درخواستوں پر بھی عمل درآمد نہ کیا ۔ایم او ریگولیشن عثمان لیاقت کا کہنا ہے وضاحتی نوٹس کا جواب تسلی بخش نہ دینے والوں کیخلاف پیڈا ایکٹ کے تحت کارروائی ہو گی ،شہر میں آوارہ کتوں کے کاٹنے کی بے شمار شکایات ہیں ،نسل کشی کیلئے محکمہ ہیلتھ کے ساتھ ہمہ وقت تعاون کرنے کیلئے تیار ہیں ۔