داخلی، خارجی راستوں کی آرائش ہوئی نہ تجاوزات کا خاتمہ، سوہنا لاہور مہم دم توڑنے لگی

داخلی، خارجی راستوں کی آرائش ہوئی نہ تجاوزات کا خاتمہ، سوہنا لاہور مہم دم توڑنے لگی

لاہور (عمران اکبر )بیوٹیفکیشن(سوہنا) لاہور مہم دم توڑنے لگی، 2سال میں شہر کے داخلی و خارجی راستوں کی تزئین و آرائش ہو سکی اور نہ ہی ماڈل شاہراہوں سے تجاوزات ہٹائی جا سکیں ،کھمبوں پر لٹکتے تاروں اور بل بورڈز نے تاریخی عمارتوں کا حسن تباہ کر دیا۔

 سٹریٹ لائٹس ،ٹری لائمنگ ،پیچ ورک ،لائن مارکنگ اور فٹ پاتھ کرب سٹون پر رنگ و روغن صرف کاغذوں کی حد تک محدود ہو کر رہ گیا ۔مزید تفصیل کے مطابق بیوٹیفکیشن لاہور مہم میں چوک چوراہوں کی تزین و آرائش کے لئے 25کروڑ روپے کی منظوری دی گئی، 23اہم شاہراہوں کی لائٹس تاحال روشن نہ ہو سکیں،وی وی آئی پی کاموں کیلئے 8 کروڑ ،ایمرجنسی فریم ورک کیلئے 17کروڑ موجود ہیں۔شہر میں سڑکوں کی تزئین و آرائش کیلئے 32 اقسام کے کام ہونے تھے ،سڑکوں پر ٹریفک لائن، لین اور کرب سٹون پینٹنگز، ٹف پیور کا کام کروایا جانا ہے ۔

شاہراہوں کی خوبصورتی کے لئے کیٹ آئیز، فٹ پاتھوں کی بحالی بھی شامل ہے ،پیچ ورکس ،بیس کورس، تھک پلانٹ، کارپٹ روڈ ،برک ورکس ،ٹری لائمنگ ، ماربل فکسنگ، فیبری کیشن سمیت دیگر کام بھی بیوٹیفکیشن لاہور مہم کا حصہ ہیں۔ ایڈمنسٹریٹر لاہور عمر شیر چٹھہ کا کہنا ہے شہر کی مین شاہراہوں پر لائٹس بحال کرنے کیلئے فنڈز کی اجازت دے دی ۔

مہم کے تحت شاہراہوں پر فٹ پاتھ اور لائن مارکنگ کا سروے جاری ہے ،شہر میں تجاوزات کے خلاف روزانہ آپریشن کروایا جا رہا ہے ۔بیوٹیفکیشن لاہور مہم میں کمشنر آفس،بلدیہ عظمیٰ ،ضلعی انتظامیہ ،پی ایچ اے ،ٹیپا ،ایل ڈبلیو ایم سی سمیت دیگر محکمے عملی کردار ادا کرنے کے ذمہ دار ہیں۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں