سکلز ڈویلپمنٹ اتھارٹی کامجوزہ ترمیمی مسودہ منظور
لاہور(ایجوکیشن رپورٹر) صوبائی وزیر صنعت وتجارت میاں اسلم اقبال کی زیر صدارت پنجاب سکلز ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے آفس میں بورڈ کا چوتھا اجلاس ہوا،بورڈ نے پی ایس ڈی اے ایکٹ 2019 کے مجوزہ ترمیمی مسودہ کی منظوری دی۔
جس کے تحت پی ایس ڈی اے شکایات کے ازالے کیلئے سیل تشکیل دیگی ۔بورڈ نے پی ایس ڈی اے رولز،پنجاب سکلز ڈویلپمنٹ اتھارٹی ریگولیشنز، پنجاب سکلز ڈویلپمنٹ اتھارٹی رجسٹریشن ریگولیشنز 2021 کی بھی منظوری دی۔اس ریگولیشن کے تحت لیگل ایڈوائزرز/ کونسلز کی خدمات حاصل کی جائیں گی۔
بورڈ نے اتھارٹی کو ترقیاتی سکیموں پر عمل درآمد کیلئے مالیاتی اختیارات دینے کے ریگولیشنز کی بھی منظوری دی۔ڈی جی معظم اقبال سپرا نے بتایا تکنیکی اداروں کی آن لائن رجسٹریشن کے لئے 1396 درخواستیں موصول ہوچکی ہیں۔