6ہزارگٹروں کے ڈھکن غائب اور ناکارہ،شہریوں کی زندگیاں دائوپر

6ہزارگٹروں کے ڈھکن غائب اور ناکارہ،شہریوں کی زندگیاں دائوپر

لاہور (عمران اکبر )پنجاب بھر میں کھلے مین ہولز پر چیف سیکرٹری کے نوٹس کے بعد ایڈمنسٹریٹر ایم سی ایل نے لاہور کے بھی تمام کھلے مین ہولز بند کرانے کا فیصلہ کر لیا۔

 شہر کے 9زونز میں 5 ہزار 9 سو 51 گٹروں کے ڈھکن غائب یا ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں جس کی وجہ سے شہریوں کی زندگیاں داؤ پر لگ گئیں ۔ایڈمنسٹریٹر عمر شیر چٹھہ نے کھلے مین ہولز ڈھانپنے کیلئے 10 ہزار ڈھکنوں کی خریداری کیلئے فوری ٹینڈرز کرانے کے احکامات دے دئیے ۔ شہر میں 2529 سلیبز اور رنگ کور زبھی موجود نہیں ،ایم سی ایل زونز کی سروے رپورٹ نے انتظامیہ کا بھانڈا پھوڑ دیا ۔

ایڈمنسٹریٹرکھلے مین ہولز پر انتظامیہ پر برہم ہو گئے ،جلد از جلد ڈھکن لگانے کے احکامات جاری کر دئیے ۔ایڈمنسٹریٹر کا کہنا ہے مین ہولز کے ڈھکن لگانے کیساتھ ساتھ اگر کوئی ڈھکن غائب یا ٹوٹا پایا گیا توذمہ دار متعلقہ افسر ہونگے ۔شالیمار زون کی 24 یوسیز میں 90 مین ہولز کور اور 149 کڑے موجود نہیں،داتا گنج بخش زون میں 34 ڈھکن ٹوٹ گئے ہیں۔

سمن آباد زون میں 424 مین ہولز کور ٹوٹ پھوٹ کا شکار اور سینکڑوں موجود نہیں،گلبرگ زون میں 59 ڈھکن،علامہ اقبال زون میں 2547 مین ہولز کور اور 1336 رنگ کور خستہ حال ہیں،نشتر زون میں 69 ڈھکن اور 38 رنگ کور موجود نہیں،عزیز بھٹی زون میں 743 مین ہولز کور اور 419 رنگ کور ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں۔اسی طرح واہگہ زون کی 25 یونین کونسلز میں 1875 ڈھکن غائب اور 587 رنگ کور ٹوٹ پھوٹ کا شکارہیں۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں