تاریخی مقامات کی بحالی کیلئے جدید طریقہ اپنالیاگیا

تاریخی مقامات کی بحالی کیلئے جدید طریقہ اپنالیاگیا

لاہور(سہیل احمد قیصر)تاریخی مقامات کی بحالی اور تحفظ کے لیے سینڈ بلاسٹنگ تکنیک کا استعمال ،سینڈبلاسٹنگ تکنیک کے ذریعے پینٹ، زنگ اور دیگر باقیات کو موثر طریقے سے ہٹایا جاسکتا ہے ۔

 تفصیلات کے مطابق والڈسٹی اتھارٹی لاہورنے تاریخی مقامات کی بحالی اور تحفظ کے لیے ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ سینڈ بلاسٹنگ تکنیک کا استعمال شروع کردیا ہے ۔معلوم ہوا ہے کہ اب تک کیتھڈرل چرچ مال روڈ،سیکرڈ ہارٹ کیتھڈرل ،مزار بابا فرید،کلاک ٹاور ملتان اور متعدد دیگر تاریخی عمارتوں کی بحالی کے لیے اِسی تکنیک کا استعمال کیا گیا ہے جس کے موثر نتائج برآمد ہوئے ہیں۔

والڈ سٹی لاہور اتھارٹی کے ڈائریکٹر کنزرویشن نجم الثاقب کے مطابق سینڈ بلاسٹنگ کسی عمارت سے گندگی، پینٹ کی تہوں اور کیمیکلز کو دور کرنے میں مدد دیتی ہے ۔ ریت کے بہت باریک ذرات عمارتوں کا اصل رنگ نکالنے میں مدد کرتے ہیں ۔ اِس حوالے سے ڈی جی والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی کامران لاشاری نے روزنامہ دنیاکو بتایا کہ ڈبلیو سی ایل اے تمام تاریخی مقامات کا تحفظ بین الاقوامی معیارات اور طریقوں کے مطابق کر رہاہے ،ہم مختلف تکنیکوں کو اپنا رہے ہیں اور ان میں سے ایک سینڈ بلاسٹنگ ہے ۔ 

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں