ارفع کریم ٹاور:لاہورپل توسیعی منصوبہ تاخیر کا شکار
لاہور (شیخ زین العابدین)لعل شہباز قلندر انڈر پاس کے بعد لاہور برج توسیعی منصوبہ بھی مقرر کردہ ڈیڈ لائن پر مکمل نہیں ہوگا۔
ایل ڈی اے کو لاہور برج کی توسیع کے لئے مزید دو ماہ کا وقت درکار ہوگا۔ تفصیلات کے مطابق ایل ڈی اے کی ناقص منصوبہ بندی کے سبب موجودہ دور حکومت میں شروع کیے گئے تمام تر منصوبہ جات بروقت مکمل نہ ہوسکے ،گزشتہ برس گلاب دیوی ہسپتال کے سامنے انڈر پاس کی تعمیر اور ارفع کریم ٹاور کے سامنے لاہور برج کی توسیع کا کام شروع کیا گیا۔
پی سی ون کے مطابق فیروز پور روڈ پر بننے والے میگا پراجیکٹ کی ڈیڈ لائن 20 فروری 2022 ہے ، پلان کے تحت مقرر کردہ ڈیڈ لائن پر انڈر پاس و ملحقہ سڑکوں کی تعمیر اور لاہور برج کی توسیع کی جانی تھی مگر ایل ڈی اے نے ادھورے عبدالستار ایدھی انڈر پاس کا افتتاح وزیر اعلٰی پنجاب سے کرادیا جبکہ ارفع ٹاور کے سامنے لاہور برج کی توسیع کا کام بند پڑا ہے ، محکمہ ریلوے اور ایل ڈی اے کے درمیان حائل ہونے والی پیچیدگیوں سے منصوبہ لٹک گیا۔
کلمہ چوک سے قصور جانے والی سڑک پر لاہور برج کی دو لین میں اضافہ کیا جانا تھا۔ لاہور برج کی اضافی دو لین کی تعمیر کے لیے ابھی تک پائلنگ نہ ہوسکی۔ لاہور برج کی توسیع سے محکمہ ریلوے کا ایم ایل ون منصوبہ متاثر ہورہا ہے ، اب محکمہ ریلوے نے ایل ڈی اے کو منصوبے میں ترمیم کی ہدایت کر دی۔ لاہور برج کے نیچے واقع ریلوے پھاٹک بند کرنے کے بعد مزید کوئی پیشرفت نہ ہوئی، فیروز پور روڈ پر میگا پراجیکٹ فروری کی بجائے اپریل میں مکمل ہوگا۔
ڈی جی ایل ڈی اے احمد عزیز تارڑ نے ڈیڈ لائن میں مزید دو ماہ کی توسیع کی تصدیق کر دی ۔ڈی جی ایل ڈی اے کا کہنا ہے کہ ریلوے کے ساتھ تکنیکی وجوہات کی بناء پر کچھ تاخیر ہوئی، دو ماہ میں لاہور برج کی توسیع کا کام مکمل کرلیں گے ۔