پولیس کارروائی:سنگین وارداتوں میں ملوث29ملزم گرفتار
لاہور(سپیشل کرائم رپورٹر)ایس پی راشد ہدایت نے ڈولفن سکواڈوپولیس ریسپانس یونٹ کی ہفتہ وار کارکردگی رپورٹ سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ ہیلپ لائن 15 پر موصولہ تمام1763کالز پر فوری ریسپانس عمل میں لایاگیا۔
سنگین وارداتوں میں ملوث29ملزم گرفتارکئے گئے ۔سٹاپ اینڈ سرچ کے دوران 8ہزار477موٹر سائیکلوں، 6 گاڑیوں اور11ہزارسے زائد اشخاص کی چیکنگ میں لائی گئی۔ملزموں سے 2 کاریں،11موٹر سائیکلیں، 19 موبائل فونزاور 25 ہزار روپے سے زائد نقدی برآمدکی گئی۔ہوائی فائرنگ، اسلحہ کی نمائش کرنے والوں کے قبضہ سے 18پسٹلز،2 رائفلز،پمپ ایکشن،22 میگزین اورسینکڑوں گولیاں برآمد کی گئیں۔
منشیات فروشوں کے خلاف کارروائیوں کے دوران بھاری مقدار میں چرس برآمد کی گئی۔ ڈی آئی جی آپریشنز لاہورڈاکٹر عابد خان نے کہا ہے کہ شہریوں کو ایک ہی چھت تلے کیریکٹر ویری فکیشن سرٹیفکیٹ سمیت14 سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔ لاہور پولیس شہریوں کو سہولیات کی فراہمی کیلئے ہمہ وقت کوشاں ہے ۔
رواں ہفتے کے دوران موبائل خدمت مرکز صبح 8 بجے تاشام 4 بجے تک مقرر ہ پوائنٹس پر موجود ہوگا۔ بروزپیرسنٹرل پارک کاہنہ،منگل کچا جیل روڈکوٹ لکھپت، بدھ نشترکالونی،جمعرات کاہنہ، جمعہ بینک سکوائر مارکیٹ ماڈل ٹاؤن جبکہ بروز ہفتہ بند روڈشیراکوٹ فرائض انجام دے گا۔شہریوں کوپولیس سے متعلقہ سہولیات کی فراہمی کیلئے مزید اقدامات کئے جارہے ہیں۔