غفلت،واٹر فلٹریشن پلانٹ ٹوٹ پھوٹ کا شکار
لاہور(سٹاف رپورٹر سے)لاکھوں روپے کی لاگت سے مکمل ہونے والا واٹر فلٹریشن پلانٹ محکمہ پبلک ہیلتھ کی لا پرواہی سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو گیا۔منصوبہ مکمل ہونے کے باوجود عوام آلودہ پانی پینے پر مجبور ہیں۔
تفصیلات کے مطابق نواحی گاؤں 235۔ای بی میں زیر زمین پانی آلودہ ہونے کی شکایت پر حکومت پنجاب نے واٹر فلٹریشن پلانٹ تعمیر کرنے کی منظوری دی جو تقریباً چار سال قبل محکمہ پبلک ہیلتھ ضلع وہاڑی کے ذریعہ مکمل کیا گیا اور منصوبہ کی تعمیر کے بعد بجلی کا کنکشن بھی لگا دیا جس کا افتتاح الیکشن2018میں پی ٹی آئی کے امیدوار صوبائی اسمبلی پیر ہمایوں افتخار چشتی نے کیا۔
لیکن طویل عرصہ گزرنے کے با وجود یہ پلانٹ محکمہ پبلک ہیلتھ کی نا اہلی اور لا پرواہی کی وجہ سے آج تک فنکشنل نہیں ہو سکا جس کی وجہ سے عوام بد ستور آلودہ پانی پینے پر مجبور ہیں اہلیان دیہہ نے ان کی بار ہا درخواستوں کے باوجود محکمہ پبلک ہیلتھ حکام نے پلانٹ چلانے کے لیے کوئی اقدام نہیں کیا ۔انہوں نے ڈی سی وہاڑی سے اپیل کی ہے کہ فلٹریشن پلانٹ چالو کیا جائے ۔