راوی منصوبہ8سال سے جائیدادوں کی فروخت بند،مالک خوار

راوی منصوبہ8سال سے جائیدادوں کی فروخت بند،مالک خوار

لاہور (شیخ زین العابدین)راوی اربن ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی جانب سے مبینہ طور پر قانون کی خلاف ورزیاں سامنے آگئیں۔

 راوی اتھارٹی کی جانب سے قوانین کے برعکس سیکشن فور کا نفاذ ہوا، جائیدادوں کی خریدوفروخت پر پابندی لگائی گئی ،روڈا حکام کی جانب سے محکمہ ماحولیات کی رپورٹ حاصل کرنے میں قوانین پامال کئے گئے ۔تفصیلات کے مطابق روڈا کی جانب سے سیکشن فور کا نفاذ کرکے 8 سال تک جائیدادوں کی خریدوفروخت بند کی گئی ،ذرائع کا کہنا ہے کہ راوی اتھارٹی کی

 جانب سے قوانین کے برعکس سیکشن فور کا نفاذ کرایا گیا، 2014 سے 2022 تک لینڈ ایکوزیشن ایکٹ کے سیکشن فور کے تحت ریکارڈ کو سیل رکھا گیا۔ لینڈ ایکوزیشن ایکٹ کے تحت مفاد عامہ کے لیے اراضی ایکوائر کی جاسکتی ہے مگر روڈا انتظامیہ نے ہاؤسنگ سکیم بنانے کے لیے ایک لاکھ 2 ہزار ایکڑ پر سیکشن فور نافذ کیا۔ حکومت کی جانب سے سیکشن فور کا نفاذ صرف ایک سال کے لیے ہوتا ہے مگر پنجاب حکومت نے دو مرتبہ سیکشن فور کا نفاذ کرکے آٹھ سال تک جائیداد وں کی خریدوفروخت پر پابندی لگائی۔

حکومت کی جانب سے 2014 اور 2018 میں صرف سیکشن فور نافذ کیا گیا۔ پٹوار خانوں نے مبینہ طور پر گزشتہ آٹھ سالوں میں مالکان کو فردیں نہ دیں ۔دوسری جانب روڈا حکام کی جانب سے محکمہ ماحولیات کی رپورٹ حاصل کرنے میں قوانین پامال کئے گئے ، محکمہ ماحولیات کا این او سی حاصل کرنے کے لیے بغیر ریگولیشن ای پی اے کو درخواست دی گئی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پنجاب اسمبلی سے روڈا ایکٹ کی منظوری کے بعد بھی ترامیم کرائی گئیں۔ روڈا کے منظور شدہ ایکٹ کے تحت اتھارٹی نے لوکل گورنمنٹ کے زیر انتظام کام کرنا تھا، روڈا ایکٹ کی منظوری کے بعد ترامیم کرتے ہوئے اتھارٹی کو محکمہ ہاؤسنگ کے کنٹرول میں دیا گیا ۔سی ای او روڈا عمران امین کا کہنا ہے کہ ہمارے آئینی ماہرین کی ٹیم اس فیصلے پرمشاورت کر رہی ہے ، ریلیف کے لئے ہم عدالت عظمیٰ بھی جاسکتے ہیں۔ 

 

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں