پنجاب بھر میں آج سے ’’ماہ صفائی‘‘مہم کا آغاز

پنجاب بھر میں آج سے ’’ماہ صفائی‘‘مہم کا آغاز

لاہور (اپنے سٹی رپورٹر سے )پنجاب بھر میں آج سے \"ماہ صفائی\" مہم کا آغاز کر دیا گیا،سیکشن آفیسر کمپنیز نے نوٹیفکیشن جاری کردیا۔

سیکرٹری بلدیات ڈاکٹر نعیم رؤف نے تمام ایڈمنسٹریٹرز ، سالڈ ویسٹ مینجمنٹ اداروں اور میونسپل کارپوریشنز کو ہدایات جاری کر دیں۔ 28 جنوری سے پنجاب بھر میں ایک ماہ کے لئے خصوصی صفائی مہم چلائی جائے گی ۔مہم کے دوران کچرے کے ڈھیروں کو ہٹا کر ٹھوس کچرے کو محفوظ طریقے سے ٹھکانے لگایا جائیگا۔ دن میں دو بار شہروں کی اہم سڑکوں کی صفائی، دھلائی، جھاڑو اور پانی کا چھڑکاؤ اور کھڑے پانی کا خاتمہ کیا جائے گا۔

خصوصی ٹیمیں، آلات اور مشینری کو تعینات کرکے کچی آبادیوں کی صفائی کی جائے گی۔ وال چاکنگ، بینرز، فلیکسز، پوسٹرز وغیرہ  کو ہٹایا اور غیر فعال سٹریٹ لائٹس کو فعال کیا جائے گا۔ قبرستانوں، مزاروں، مساجد، عبادت گاہوں، گرجا گھروں ،پارکوں، کھیل کے میدانوں، گرین بیلٹس، بس اڈوں، کھلی جگہوں کی خصوصی صفائی کی جائے گی۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں