390 سال قدیم نولکھا پویلین سیاحوں کیلئے کھول دیا گیا
لاہور(سہیل احمد قیصر) 390سال قدیم نولکھا پویلین کو کئی سال بعد سیاحوں کے لئے کھول دیا گیا۔ شاہی قلعہ میں واقع پویلین تزئین و آرائش کے لئے بند تھا۔
تعمیر کے وقت 9لاکھ روپے اخراجات اُٹھنے پر عمارت کو نولکھا کا نام دیا گیاتھا۔ تفصیل کے مطابق نولکھا پویلین شاہی قلعہ کے دل شیش محل کے احاطے میں واقع ہے ۔اِس خوب صورت اور دیدہ زیب عمارت کو آصف خان نے 1632میں شاہ جہاں کے حکم پر تعمیر کرایا تھا اور شاہ جہاں سے اِسے تعمیر کرانے کی فرمائش اُس کی محبوب ملکہ ممتاز محل نے کی تھی۔
عقبی جانب سنگ مرمر کی خوب صورت جالیاں،سونے کے اوراق سے ملمع کاری اور پچی کاری کے شاندار کام نے اِس عمارت کو خاصے کی چیز بنا دیا۔اِس کے اندرونی حصے میں متعدد پھول بنے ہوئے دکھائی دیتے ہیں اور ہرپھول102چھوٹے لیکن قیمتی پتھروں کو جوڑ کر بنایا گیا ۔کئی سال بعد کھلنے پر یہاں سیاحوں کی آمدورفت کا سلسلہ بھی شروع ہوگیا ہے ۔
آغاخان کلچرل سروس پاکستان کے کنزرویشن انجینئر محمد ارباب جہانزیب نے روزنامہ دنیا کو بتایا مرمت کے دوران کوشش کی گئی ہے کہ اِس کا اصل رنگ وروپ برقرار رہے ۔شاہی قلعہ کی انچارج فائزہ شاہ نے بتایا اس کے کھلنے پرسیاح خوش دکھائی دیتے ہیں۔ اُن کا کہنا تھا دوسرے مرحلے میں نولکھا پویلین کے قریب دوسری عمارتوں کی مرمت کا کام شروع کیا جارہا ہے ۔