شہر میں 845قبرستان،قبر کے نرخ 10سے50ہزار مقرر

شہر میں 845قبرستان،قبر کے نرخ 10سے50ہزار مقرر

لاہور (عمران اکبر )شہر کی 2سو 74یونین کونسلوں میں 8سو 45قبرستانوں میں قبروں اور کفن کے مختلف ریٹس کا انکشاف ہوا ہے ،

شہر خاموشاں اتھارٹی ،قبرستان کمیٹیاں اور ضلعی انتظامیہ بے بس ہو گئی۔ تفصیل کے مطابق سرکاری و غیر سرکاری قبرستانوں میں قبر کا ریٹ 10ہزارسے 50 ہزار روپے ہے ،دکانوں پر کفن کا ریٹ 1ہزار سے 5 ہزار روپے تک پہنچ گیا۔پرائیویٹ قبرستانوں کی قبر فیسوں کی مد میں سرکاری خزانے میں ایک دھیلا بھی جمع نہ کرایا گیا۔

قبر کی گہرائی ساڑھے 3 فٹ اور لمبائی سوا 6فٹ کرنے کی 1ہزار روپے فیس مقرر ہے ۔ قبر پر 250 اینٹوں کی چار دیواری اور چار سلیبوں کے 10ہزار، سرکاری قبرستانوں میں گورکن کی اجرت بمعہ میٹریل 10 ہزار ، پرائیویٹ قبرستانوں میں گورکن فیس بمعہ میٹریل 10ہزار سے پچاس ہزار روپے ہے ۔ میانی صاحب قبرستان میں قبر کا ریٹ 10ہزار 5سو ، بی بی پاکدامن 50ہزار ،شاہ جمال 10ہزار،میاں میر 30 ہزار ،اقبال ٹاؤن راوی بلاک شہنشاہ قبرستان 40ہزار ،ساندہ 30ہزار ،شہر خاموشاں کاہنہ میں قبر کا ریٹ 10 ہزار روپے مقرر ہے ۔ 83 فیصد قبرستانوں کی قبر کا ریٹ 25 سے 40ہزار روپے ہے ۔

یونین کونسل ایک سے 35 کے 65قبرستانوں میں قبر کا ریٹ 25ہزار، یونین کونسل 36تا 70کے 135 قبرستانوں میں 10 سے 35ہزار،یونین کونسل 71تا 130کے 170 قبرستانوں میں 10سے 40ہزار ،یونین کونسل 131تا 200کے 198قبرستانوں میں 10سے 50ہزار ،یونین کونسل 201تا 274کے 177قبرستانوں میں قبر کا ریٹ 10سے 50 ہزار روپے ہے۔ شہر خاموشاں کمیٹی قبر کے ریٹ کا تعین نہ کر سکی، قبرستانوں کی محلہ کمیٹیاں بھی اثرورسوخ رکھنے میں تاحال ناکام ہیں۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں