ایڈیشنل سیکرٹری صحت کا 4ہسپتالوں کادورہ ، ناقص انتظامات پر برہم
لاہور(اپنے سٹاف رپورٹر سے ،ہیلتھ رپورٹر) ایڈیشنل سیکرٹری ورٹیکل پروگرامز پنجاب صبا عادل نے گوجرانولہ کے 4 ہسپتالوں کے اچانک دورے کئے اور طبی سہولیات کا جائزہ لیا۔ صباعادل نے ٹی ایچ کیو ہسپتال کامونکی، رورل ہیلتھ سنٹر ایمن آباد، بنیادی مرکز صحت اروپ اور بنیادی مرکز صحت اوٹاوا کا دورہ کیا اور ایمرجنسی، میڈیکل وارڈ اور فارمیسی میں دستیاب ادویات کا ریکارڈ چیک کیا۔
ایڈیشنل سیکرٹری ورٹیکل پروگرامز نے رورل ہیلتھ سنٹر کامونکی میں خراب ایکسرے مشین، لائٹ کا مناسب انتظام نہ ہونے اور صفائی کی خراب صورتحال پر برہمی کا اظہار کیا اورایم ایس ڈاکٹر نیئر کو مشینری اور واش رومز کی مرمت اور صفائی کی صورتحال بہتر کرکے 24 گھنٹے میں رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی۔دریں اثنا سیکرٹری صحت پنجاب ڈاکٹراحمدجاویدقاضی نے جنرل ہسپتال لاہورکا تفصیلی دورہ کیا۔پرنسپل امیرالدین میڈیکل کالج الفریدظفر اورایم ایس جنرل ہسپتال ڈاکٹرخالدبن اسلم نے صوبائی سیکرٹری کو مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات بارے تفصیلات سے آگاہ کیا۔