صحافت اور معاشرے کے مابین رشتہ کمزورہونے لگا:مقررین
لاہور (ایجوکیشن رپورٹر)وزیر اعظم کے معاون خصوصی فہد حسین نے کہا ہے کہ معاشرے میں تقسیم کو ختم کرنے کے لئے ڈیجیٹل میڈیا کو مرہم کے طور پر استعمال کرنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا کے مثبت استعمال کے لئے ہمیں صحافت کے ضابطہ اخلاق اور اصول اپنانے ہوں گے ۔
وہ پنجاب یونیورسٹی ڈیپارٹمنٹ آف جرنلزم سٹڈیز اور انسٹی ٹیوٹ آف ایجوکیشن اینڈ ریسرچ کے زیر اہتمام ‘ڈیجیٹل دور میں صحافت اور معاشرے کے درمیان تعلقات پر نظرثانی’کے موضوع پر دو روزہ ایم کیپ بین الاقوامی کانفرنس کی افتتاحی تقریب سے فیصل آڈیٹوریم میں خطا ب کر رہے تھے ۔ اس موقع پروائس چانسلر پروفیسر نیاز احمد اختر، سینئر تجزیہ کار مجیب الرحمان شامی،ڈین فیکلٹی آف انفارمیشن اینڈ میڈیا سٹڈیز پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود، چیئرپرسن ڈیپارٹمنٹ آف جرنلزم پروفیسر ڈاکٹر بشریٰ حمید الرحمان، چیئرپرسن ڈیپارٹمنٹ آف پبلک ریلیشنز اینڈ ایڈورٹائزنگ پروفیسر ڈاکٹر عابدہ اشرف ، ڈائریکٹر ادارہ تعلیم و تحقیق ڈاکٹر عبدالقیوم چودھری ، فیکلٹی ممبران، طلباوطالبات سمیت روس، نائجیریا، چیک ری پبلک، سویڈین، انڈونیشیا اور پاکستان کی چالیس یونیورسٹیوں سے محققین و ماہرین نے شرکت کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے فہد حسین نے کہا کہ ڈیجیٹل ایج اب حقیقت ہے، تاہم صحافت اور معاشرے کے مابین رشتہ کمزور ہوتا جا رہا ہے ۔